غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ میں مارچ 2019 میں مسجد پر حملے کے دوران اپنی جان پر کھیل کر دوسروں کو بچانے والے پاکستانی نعیم رشید کو نیوزی لینڈ کے اعلیٰ ترین بہادری ایوارڈ ‘نیوزی لینڈ کراس’ سے نواز دیا گیا۔اس کے علاوہ حملہ آور سے مقابلے کے دوران زندہ بچنے والےافغان نژاد عبدالعزیز کو بہادری کا اعلیٰ ترین اعزاز دیا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کا کہنا تھا کہ یہ ایوارڈ وکٹوریا کراس کے مساوی سویلین ایوارڈ ہے جو نیو زی لینڈ میں اس سے پہلے صرف دو بار دیا گیا ہے اور یہ نیوزی لینڈ کے اعلی ترین فوجی اعزاز وکٹوریا کراس کا غیر عسکری مساوی اعزاز ہے۔انہوں نے کہا کہ ان شہریوں نے جس جرات کا مظاہرہ کیا وہ بے لوث اور قابل تعریف تھا، اس دن ان کی بہادری کا دل کی گہرائیوں سے احترام کرتے ہیں اور مشکور ہیں۔
ان کے علاوہ مزید 8 افراد کو بہادری کے میڈل دیے گئے، جن میں حملہ آور کو گرفتار کرنے والے دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ 2019 میں کرائسٹ چرچ مسجد پر دہشت گرد نے حملہ کیا تھا ، جس میں 51 مسلمان شہید ہوگئے تھے جن میں پاکستانی نعیم رشید اور ان کا 22 سالہ بیٹا طلحہ نعیم بھی شامل تھا۔
































