وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں کالعدم مذہبی جماعت کے احتجاج پر بھی بات چیت کی گئی۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ملک میں کسی قسم کی قتل و غارت نہیں چاہتا، بد امنی کا کسی کو فائدہ نہیں ہو گا، حالیہ صورتحال کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کی کوشش کی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مذاکرات ہی مسئلے کا واحد حل تھے، کبھی طاقت کے استعمال اور انتشار کا حامی نہیں رہا۔وزیراعظم عمران خان نے رہنماؤں کو عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کی ہدایت۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹس میرٹ پر دئیے جائیں گے، پارٹی رہنما آج سے ہی بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کریں۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر گفتگوکی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کالعدم تنظیم کے احتجاج کے بعد کی صورتحال سے آگاہ کیا ۔
وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ احتجاج کے باعث املاک کو نقصان پہنچا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ صوبے میں امن وامان پر خصوصی نظر رکھی جائے، امن وامان کی صورتحال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔
































