تازہ تر ین

اسلام آباد میں احتجاج، پولیس اور مظاہرین میں جھڑپ

اسلام آباد میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر پولیس نے شیلنگ کردی اور آنسو گیس کا استعمال کیا جس کے باعث صورت حال کشیدہ ہوگئی ہے۔ پولیس کی مزید نفری طلب کرلی گئی ہے جبکہ فائر بریگیڈ سمیت دیگر ریسکیو اداروں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں مظاہرین نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور فرانسیسی صدر کے اشتعال انگیز بیانات کے خلاف جمعہ کو مذہبی جماعتوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پولیس نے مظاہرین کا راستہ روکنے کیلئے کنٹینر رکھ کر سڑکیں بند کردیں۔

مظاہرین جب سرینا چوک پر پہنچے تو پولیس کی رکاوٹوں کا سامنا ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ فرانسیسی سفارت خانے کے باہر احتجاج ریکارڈ کروانا چاہتے ہیں مگر پولیس نے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا جس کے باعث احتجاج پرتشدد صورت اختیار کرگیا۔

پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے شیلنگ کی اور واٹر کینن کا استعمال کیا جبکہ مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔ اس دوران سڑک کے اطراف جھاڑیوں کو بھی کسی نے آگ لگا دی۔

اس وقت پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود ہے اور مزید نفری طلب کی گئی ہے جبکہ مظاہرین تاحال منتشر نہیں ہوئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مظاہرین کو کسی صورت ریڈ زون اور ڈپلومیٹک انکلیو میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا جبکہ مظاہرین بضد ہیں کہ وہ ہر صورت فرانسیسی سفارت خانے کے باہر احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔

پولیس نے کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے فائر بریگیڈ سمیت دیگر ریسکیو اداروں کو بھی طلب کرلیا ہے اور صورت حال تاحال کشیدہ ہیں۔ مظاہرین شیلنگ اور آنسو گیس کے استعمال کے بعد ٹولیوں کی صورت میں بٹ کر مختلف راستوں سے منزل کی جانب جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv