تازہ تر ین

ابھی نندن سے متعلق بیان کو بھارتی میڈیا توڑ مروڑ کر پیش کررہا ہے، ایاز صادق

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما ایاز صادق نے قومی اسمبلی میں اپنے دیے گئے متنازع بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میرا اشارہ سول لیڈر شپ کی کمزوری کی جانب تھا، بھارتی میڈیا بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کررہا ہے۔

پارٹی ترجمان کی جانب سے جاری وضاحتی ویڈیو میں ایاز صادق نے بھارتی پائلٹ کی رہائی سے متعلق بیان کے حوالے سے کہا کہ ابھی نندن کو چھوڑنے کے حوالے سے وزیر اعظم نے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس بلایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی لیڈروں کو بلاکر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بریفنگ دی، عمران خان کے پاس اتنی ہمت نہیں تھی،ان کی ٹانگیں کانپ رہی تھیں اور ماتھے پر پسینہ تھا۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی کے مطابق عمران خان نے یہ نہیں بتایا کہ وہ یہ کس کے کہنے اور کس کے دباؤ میں تھے تاہم شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ ہم ابھی نندن کو واپس کرنا چاہتے ہیں۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ سول لیڈرشپ کا یہ فیصلہ تھا جو شاید جلد بازی میں کیا گیا، ہماری رائے یہ تھی کہ ذرا سا انتظار کرلیتے تو اچھا ہوتا۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ ابھی نندن کو چھوڑنے کے فیصلے میں سول لیڈرشپ اور عمران خان کی کمزوری نظر ائی، میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹا کر بتایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی نندن کا حملہ ناکام ہوا اور جہاز گرادیا گیا وہ دن پاکستان کی فتح کا دن تھا۔

ایاز صادق کا مزید کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی نے پارلیمانی میٹنگ میں کہا کہ ہمیں ابھی نندن کو قومی سلامتی کے باعث واپس بھجوانا ہے، ہم فوری واپسی کے مخالف تھے مگر قومی سلامتی کی خاطر یہ فیصلہ ہوا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے رہنما ایاز صادق نے قومی اسمبلی میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ حکومت نے گھٹنے ٹیک کر بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو واپس بھارت بھیجا۔

انہوں نے کہا تھا کہ اجلاس میں وزیر اعظم نے آنے سے انکار کردیا تھا مگر آرمی چیف اس میں شریک تھے، پسینے میں شرابور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ خدا کے واسطے ابھی نندن کو واپس جانے دیں جبکہ بھارت آج رات 9 بجے حملہ کر رہا ہے۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی کے بیان پر بھارتی میڈیا نے خوب واویلا مچایا اور بھارتی پائلٹ کی رہائی کو اپنی فتح سے تعبیر کیے جارہا تھا۔

دوسری جانب پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین نے ایاز صادق کے اس بیان پر شدید ردِ عمل دیا اور ان کے خلاف ہیش ٹیگز ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ رہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv