تازہ تر ین

چین سے پروازیں بحال، پھنسے ہوئے پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

(ویب ڈسک)حکومت کی جانب سے چین کا فضائی آپریشن بحال کیے جانے کے بعد 3 پروازیں مسافروں کو لے کر پاکستان پہنچ گئیںعالمی ادارہ صحت کی جانب سے کورونا وائرس کو عالمی ہنگامی صورتحال قرار دینے کے بعد پاکستان نے چین کےساتھ اپنی پروازیں فوری طور پر 2 فروری تک کے لیے معطل کردی تھیں۔اس ضمن میں برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر جوائنٹ سیکریٹری آف ایوی ایشن عبدالستار کھوکھر نے بتایا تھا کہ ’ہم چین کے ساتھ اپنا فضائی آپریشن بحال کررہے ہیں چینی سدرن ایئر لائنز کی ایک پرواز 145 مسافروں کو لے کر صبح 9 بجے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اترے گی‘۔حکام کے مطابق چین ارومچی سے آنے والی پروازوں سے مجموعی طور پر 143 طالبعلم اسلام آباد پہنچے جن کی اسکریننگ کا عمل ڈیڑھ گھنٹہ میں مکمل کیا گیا۔بعدازاں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے تصدیق کی کہ پروازوں کی بحالی کے بعد چین سے 2 پروازیں پاکستانی مسافروں کو لے کر آئی ہیں۔سماجی روابط کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے پاکستان میں موجود چینی سفارتکار کے ہمراہ چین سے پاکستان آنے والے مسافروں کو ریسیو کیا جس مں 57 پاکستانی جبکہ 12 چینی شہری شامل تھے۔اس موقع پر انہوں نے ایئرپورٹ پر مسافروں کی اسکریننگ کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ان کا کہنا تھا کہ ’تمام ایئرپورٹس پر اسکریننگ سسٹم کو مزید بہتر بنادیا گیا ہے اور حکومت ہنگامی صورتحال کے لیے تیار ہے‘۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ’قومی ادارہ صحت میں ممکنہ کورونا وائرس کیسز کی تشخیص کی سہولت موجود ہے‘۔



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv