تازہ تر ین

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقوام متحدہ عملی اقدام اٹھائے، ملیحہ لودھی

نیویارک(ویب ڈیسک)اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے ‘غیر قانونی’ الحاق کے باعث پیدا ہونے والی سنگین صورتحال سے نمٹنے کے لیے بیان بازی کی بجائے عملی اقدام اٹھائے اور سلامتی کونسل کی قرار دادوں پر عمل درآمد کرائے جن کے تحت کشمیری عوام کے مستقبل کے فیصلہ کے لیے ان سے حق خودارادیت کا وعدہ کیا گیا تھا۔امریکی ٹیلی وژن کنسورشیئم نیوز کو ایک انٹرویو میں انہوں نے مقبوضہ وادی کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا،جہاں لوگ ایک ماہ سے زائد عرصہ سے بھارتی فوج کے ظالمانہ محاصرے میں شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس پر زور دیا کہ وہ جنوبی ایشیاءکو کسی بڑے بحران سے بچانے کے لیے اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ ‘مقبوضہ جموں و کشمیر میں جو کچھ ہوا وہ یقینی طور پر ایک فلیش پوائنٹ ہے’۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بحران کے حوالہ سے سیکرٹری جنرل اور اقوام متحدہ کے دیگر حکام کے بیانات کا بھی ذکر کیا جن میں تنازعہ کشمیر کو پاک بھارت مذاکرات، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی ادارہ کے منشور کے تحت حل کرنے پر زور دیا گیا ہے۔پاکستان کی سفیر نے کہا کہ ہمیں لفظوں کی نہیں بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ‘پاکستان اور بھار ت کے درمیان کشیدگی پہلے ہی عروج پر ہے اور یہ صورتحل کسی بڑے بحران کو جنم دے سکتی ہے’۔انہوں نے کہا کہ ‘مسئلہ کے حل کے سلسلہ میں اقوام متحدہ کی دیرینہ ذمہ داریاں ہیں جسے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے فوری ذمہ داریاں بھی ادا کرنا ہیں’۔انہوں نے کہا کہ ‘وزیر اعظم عمران خان نے بجاطور پر بار بار متنبہ کیا ہے کہ کشمیر کی صورتحال کسی بڑے بحران میں بدل سکتی ہے۔ سفیر ملیحہ لودھی نے کہا کہ یہ ایک بڑی خطرناک صورتحال ہے’۔اقوام متحدہ کے سربراہ کے کردار کے حوالے سے پاکستانی سفیر نے کہا کہ ان کی کشمیر تنازع پر ثالثی کی پیشکش کو بھارت مسلسل مسترد کرتا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ‘آج ہم کہاں کھڑے ہیں، بھارت پاکستان سے بات کرنے سے انکار کرتا ہے، بھارت ثالث کو بھی قبول نہیں کرنا چاہتا بھلے ہی وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ یا پھر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل ہی کیوں نہ ہو، بھارت انسانی حقوق کے وعدوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے، یہ حقیقت میں صرف ان کی نہ، نہ اور نہ ہے’۔کشمیر کے معاملے پر ہر آپشن پر عمل کرنے کے باک فوج کے بیان پر سوال کا جواب دیتے ہوئے ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ ‘مجھے لگتا ہے کہ ان بیانات کا مقصد یہ بتانا تھا کہ ہم جموں و کشمیر کی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، وہ اکیلے نہیں ہے، اور ان کا تحفظ کرتے رہیں گے اور ان کے حق میں بولتے رہیں گے اور تمام سفارتی و سیاسی آپشنز پر پاکستان عمل کرے گا اور یہی کر بھی رہا ہے’۔بھارت اور پاکستان کے درمیان جوہری تنازع کے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ‘اسلام آباد اس طرح کا کوئی تنازع نہیں دیکھنا چاہتا، پاکستان ایک ذمہ دار جوہری قوت کا حامل ملک ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم اس ہی لیے بین الاقوامی برادری پر زور دے رہے ہیں کہ وہ اس بڑے بحران میں مداخلت کریں، ہم بڑا بحران نہیں دیکھنا چاہتے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بحران کی صورتحال ہے جس کی وجہ سے وہاں کی عوام کی روز مرہ کی زندگی متاثر ہورہی ہے اور اس کے ہاتھ سے نکلنے سے قبل یہ نہایت ضروری ہے بین الاقوامی کسی بڑے بحران سے بچنے کی تدابیر اپنائے’۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv