ناٹنگھم(ویب ڈیسک) کرکٹ ورلڈ کپ کے دوسرے میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن کالی آندھی کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم صرف 105 رنز پر آﺅٹ ہوگئی جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹ کے نقصان پر آسانی سے پورا کرلیا۔ ناٹنگھم میں کھیلے جارہے میگا ایونٹ کے دوسرے میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن ویسٹ انڈیز کے خلاف بری طرح ناکام دکھائی دی اور پوری ٹیم 22ویں اوور میں صرف 105 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئی جو ورلڈکپ قومی ٹیم کا دوسرا کم ترین اسکور ہے، اس سے قبل قومی ٹیم 2015 کے ورلڈکپ میں 160 رنز پر آﺅٹ ہوئی تھی۔106 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں کرس گیل نے جارحانہ انداز اپنائے رکھا وہ 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد آﺅٹ ہوئے، شائے ہوپ 11 اور ڈیرن براﺅ بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹے۔ قومی ٹیم کی جانب سے تینوں وکٹیں محمد عامر نے حاصل کیں۔اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی ٹیم کی جانب سے امام الحق اور فخرزمان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن امام صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور فخرزمان بھی 22 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔تیسرے نمبر پر حارث سہیل بیٹنگ کے لیے آئے لیکن ان کی اننگز بھی صرف 8 رنز تک محدود رہی جس کے بعد بابراعظم بھی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 22 رنز پر آﺅٹ ہوگئے۔ کپتان سرفراز احمد نے بھی انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 رنز پر وکٹ گنوادیں۔بطور سینئر بیٹسمین محمد حفیظ سے سب کو امیدیں وابستہ تھیں لیکن وہ بھی 16 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، عماد وسیم 1، شاداب خان 0، حسن علی 1 اور وہاب ریاض 18 رنز بنانے کے بعد آﺅٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے اوشانے تھومس نے 4 ، کپتان جیسن ہولڈر نے 3 اور آندرے رسل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے جب کہ اعلان کردہ 12 رکنی اسکواڈ میں سے آصف علی نہیں کھیل رہے ہیں تاہم اگر شروعات اچھی رہی تو بڑا اسکور بنائیں گے، اپنی بولنگ پر پورا اعتماد ہے، محمد عامر اور وہاب ریاض تجربے کار بولر ہیں۔