تازہ تر ین

ڈرامہ ختم ، عامر لیاقت نے با اثر حلقوں کے دباﺅ پر دوبارہ پروگرام شروع کر دیا ، خود ساختہ مذہبی سکالر اور عالم بننے کی کوشش کرنیوالے عامر لیاقت لائیو شو میں اوٹ پٹانگ حرکتوں کی وجہ سے بھی مشہور‘ متنازع شوز پر کئی بار معافی مانگ چکے

کراچی (نمائندہ خصوصی) پاکستان کی میڈیا انڈسٹری کے متنازعہ ترین اینکر عامر لیاقت ایک رات کے بعد ہی پی ٹی وی پر واپس ہمارا رمضان ٹرانسمیشن کا حصہ بن گئے بااثر حلقوں کے دباﺅ پر عامر لیاقت اپنے تنازعات کو پس پشت ڈال کر پی ٹی وی نیوز رمضان ٹرانسمیشن ہمارا رمضان کیلئے ہفتے کی دوپہر دوبجے پی ٹی وی کراچی سینٹر پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق یکم رمضان سے عامر لیاقت حسین پی ٹی وی نیوز، پی ٹی وی نیشنل، پی ٹی وی گلوبل اور پی ٹی وی بولان پر ہمارا رمضان کے نام سے رمضان ٹرانسمیشن کررہے ہیں جو انہیں سیاسی اثر و رسوخ کے باعث ملی ہے پہلے روز سے ہی پی ٹی وی انتظامیہ کے ساتھ اپنے تنازعات کی وجہ سے عامر لیاقت حسین کے جھگڑے شروع ہوگئے تھے جس پر انتظامیہ کی جانب سے ان کے مسائل کے حل کیلئے تحمل کا مظاہرہ کیا گیا لیکن جمعرات کو جھگڑے کے بعد عامر لیاقت حسین جمعہ کے روز پی ٹی وی انتظامیہ کے ساتھ اپنی پہلی اہلیہ ڈاکٹر بشریٰ عامر کے شو کی وجہ سے ناراض ہوکر لائیو ٹرانسمیشن چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ جس کے بعد پی ٹی وی انتظامیہ نے رات کی ٹرانسمیشن گذشتہ روز کی ریکارڈیڈٹرانسمیشن آن ایئر کی تھی پی ٹی وی انتظامیہ کی جانب سے عامر لیاقت کو منانے کی کافی کوششیں کی گئیں تھیں لیکن ان کے سخت موقف کے بعد بااثر حلقوں کی جانب سے مداخلت پر عامر لیاقت حسین دوبارہ پی ٹی وی پر رمضان ٹرانسمیشن کرنے کیلئے راضی ہوگئے ہفتے کی دوپہر دو بجے رمضان ٹرانسمیشن کے آغاز پر عامر لیاقت حسین کا کہنا تھا کہ کل سے بہت لوگ یہ افواہیں اڑا رہے تھے کہ پی ٹی وی نے مجھے نکال دیا ہے آج وہ سب لوگ دیکھ لیں کہ میں پی ٹی وی پر لائیو ٹرانسمیشن کررہاہے پی ٹی وی کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کے روئیے میں گذشتہ روز کے مقابلے میں کافی تبدیلی آچکی ہے عامر لیاقت حسین ٹی وی انڈسٹری میں رمضان ٹرانسمیشن کے نام نہاد بانی کہلاتے ہیں، خود ساختہ دینی اسکالر اور عالم بننے کی کوششیں کرنے والے عامر لیاقت لائیو شو میں اوٹ پٹانگ حرکتوں کی وجہ سے مشہور ہیں، عامر لیاقت حسین نے اپنے رمضان شوز میں عوام میں گفٹس کی تقسیم سے کافی شہرت حاصل کی تھی۔ عامر لیاقت حسین کے بعض شوز اتنے متنازعہ ہوگئے تھے کہ انہیں متعدد بار عوام سے معافی بھی مانگنی پڑی۔ عامر لیاقت حسین نے ایم کیوایم کو متعدد بار چھوڑنے کے بعد دوبارہ جوائن کرلیا تھا، الطاف حسین کی متنازعہ تقریر کے بعد عامر لیاقت نے سیاست سے توبہ کرلی تھی جس کے بعد وہ اپنی توبہ پر قائم نہیں رہ سکے اور 2018کے الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر کراچی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ بول چھوڑنے کے بعد انہیں کوئی بھی ٹی وی چینل لینے کیلئے تیار نہیں تھا جس پر عامر لیاقت نے سیاسی اثرورسوخ استعمال کرکے پی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن حاصل کی مگر اپنی پہلی اہلیہ کے شو پر اعتراض کردیا جس پر ٹی وی انتظامیہ کے سخت رویئے کی وجہ سے گزشتہ روز لائیو ٹرانسمیشن چھوڑ کر جانے والے عامر لیاقت کو بااثر حلقوں کی مداخلت پر فوری طور پر اپنا فیصلہ واپس لیتے ہوئے پی ٹی وی واپس آنا پڑا۔ پی ٹی وی ذرائع کے مطابق عامر لیاقت کو بااثر حلقوں کی جانب سے پی ٹی وی پر کام نہ کرنے پر سخت وارننگ دی گئی ہے۔ پی ٹی وی کے رمضان ٹرانسمیشن ہمارا رمضان چھوڑ کر واپس آنے والے ڈاکٹر عامر لیاقت کے حوالے سے عوامی حلقوں اور سوشل میڈیا پر سخت رد عمل کا مظاہرہ سامنے آیا ہے عوام کی ایک بڑی تعداد کی جانب سے سوشل میڈیا پر نام نہاد اسکالر اور اینکر کا مکمل بائیکاٹ کرنے کے بارے عوام کا ردعمل سامنے آیا ہے کچھ لوگوں کی جانب سے سوشل میڈیا پرعامر لیاقت کیخلاف کمپیئن شروع کردی گئی ہے پی ٹی وی قومی چینل ہے اس پر آنے مطلب آپ پاکستان کا چہرہ کا بن کر پوری دنیا میں جارہے ہیں عوام کی طرف سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ عامر لیاقت حسین پی ٹی وی پر اپنی اوٹ پٹانگ اور اوچھی حرکتوں سے گریز کریں۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv