تازہ تر ین

ذوالفقار علی بھٹو کی آج برسی ، جیالوں کے قافلے پہنچ گئے ، قرآن خوانی اور تقریریں ہونگی

اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 40ویں برسی چاروں صوبوں ،ریاست جموں وکشمیر سمیت دنیا بھر میں انتہائی عقیدت و احترام ،نظریاتی جوش و خروش کے ساتھ (آج 4اپریل) کو منائی جا رہی ہے۔برسی شایان شان انداز میں منانے کے جملہ انتظامات مکمل اور تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ،صبح کا آغاز مساجد شریف اور گھروں میں قرآن خوانی اور دعاﺅں سے کیا جائے گااور آزاد کشمیر بھر سے قافلے گڑھی خدا بخش ملک گیر جلسہ عام میں شرکت کیلئے لاڑکانہ پہنچ گئے۔ گزشتہ روز پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سیکرٹری ریکارڈ شوکت جاوید نے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 40ویں یوم شہادت کی قومی تقریبات کے سلسلہ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سب سے بڑا اجتماع گڑھی خدا بخش شہداءکے مزار پر منعقد ہو گا جبکہ آزاد کشمیر بھر کے ضلعی،تحصیل،سٹی مقامات پر باوقار تقریبات کا انعقاد کر کے شہید ذوالفقار علی بھٹو،شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی قومی،عالمی خدمات کو خراج عقیدت اور پیپلزپارٹی کی لازوال لہو رنگ جداگانہ سیاسی ریاضت کو خراج تحسین پیش کر کے استحصال سے پاک معاشرے کے قیام،دولت کی غیر منصفانہ تقسیم طبقاتی نظام سمیت غربت،جہالت،فرسودگی،جمہوریت کے سازشیں ناکام بنانے کیلئے شہید بھٹو ازم،شہید بے نظیر کے مشن کے مطابق میدان عمل میں برسراقتدار رہنے کا عزم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ 04اپریل 1979کو عدالتی قتل کے ذریعے کروڑوں انسانوں کے مسیحاءکو ڈکٹیٹر آمر ضیاءالحق نے سامراجی قوتوں کی ایما پر قومی ہیرو وکو جھوٹے،من گھڑت مقدمے کی آڑ میں ایٹمی پروگرام کی بنا پر پھانسی کے پھندے پر نہ چڑھایا ہوتا تو آج پاکستان عالمی برادری میں ٹاپ ٹین ممالک کی صف میں کھڑا ہوتا۔ دارالحکومت مظفرآباد میں دربار عالیہ سائیں سخی سہیلی سرکار کی جامع مسجد شریف میں قرآن خوانی،فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا ہے جس کے بعد سینٹرل پیپلز سیکرٹریٹ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد پیپلزپارٹی مظفرآباد ڈویژن کے زیر اہتمام ہو گا،میر پور،بھمبر،کوٹلی،راولاکوٹ،سدھنوتی،حویلی،باغ،ہٹیاں بالا،نیلم سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی قومی جوش وخروش سے منائی جائے گی۔شوکت جاوید نے کہا کہ مضبوط وفاق مقبوضہ کشمیر کی آزادی،ایٹمی اثاثوں کے تحفظ اور آئین و قانون کی بالا دستی،دہشتگردی،لاقانونیت،انتہاءپسندی ختم کر کے مذہبی آزادیوں کے مطابق زندگیاں بسر کرنے کی ضمانت صرف اور صرف پیپلزپارٹی کا انقلابی عالمی شہرت یافتہ منشور ہے۔بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے واحد جواں سال قومی رہنماءہیںجن کے خلاف ابھی سے عوام دشمن قوتوں نے رکاوٹیں پیدا کرنی شروع کر دی ہیں۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کے بعد ملکی تعمیر و قوم سازی کے عمل میں قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا کردار وسیع و بے مثال ہے، یہی وجہ ہے کہ ان کی شہادت کو 40 برس گذرنے کے باوجود وہ نہ فقط عوام کی دلوں میں زندہ و محترم ہیں، بلکہ ان پر ہونے والے ظلم و جبر کے خلاف عوامی غم و غصہ آج بھی ایسا ہی ہے جیسے یہ ابھی چند لمحے پہلے پیش آنے والا سانحہ ہو۔ پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم و پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 40 ویں یومِ شہادت کے موقعے پر جاری کردہ اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف قائد اعظم کے ویژن و جدوجہد نے تاریخ کا رخ موڑ کر ایک نئی قوم کو جنم دیا تو قائدعوام کے فکر و سیاست نے عوامی شعور کا ایک ایسا انقلاب بپا کیا کہ رجعت پرست، شاونسٹ اور جمہور دشمن قوتیں اب پاکستان میں اپنی مرضی کے نقاب نہیں لگا سکتیں؛ اور ہزار سازشوں و لاکھ ہتھکنڈوں کے باوجود جمہوری و انسانی حقوق اور آزادی اظہار رائے کے لیئے اٹھنے والی آوازوں کے ہاتھوں انہیں بار بار سیاسی مار کھانی پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے سیاسی، سفارتی، معاشی اور عالمی محاذوں پر بیش بہا اور بیشمار خدمات و کارنامے محبِ وطن پاکستانیوں کے لیئے باعثِ فخر اور اہلِ نظر کے لیئے دعوتِ فکر و تحقیق ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 1973ع کا متفقہ دستور دے کر قائدِ عوام نے وفاق کی تمام اکائیوں، طبقات، گروہوں اور کمیونٹیز کو ایک اٹوٹ اتحاد کی شکل دے دی، کیونکہ وہ بنیادی طور اجتماعی عمل و ترقی میں یقین رکھنے والی شخصیت کے مالک تھے۔ پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری نے پارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام شہید ذوالفقارعلی بھٹو کے 40 ویں یوم شہادت کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ استحصالی قوتوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی، انہوں نے کہاکہ قائد عوام نے کچلے ہوئے طبقات کو سوچنے کے لئے شعور ،بولنے کے لیئے زبان اور فخر سے سر اٹھاکر جینے کا ڈھنگ سکھا کر استحصالی قوتوں کو شکست دی تھی، ان شکست خوردہ استحصالی قوتوں نے پیپلز پارٹی کی قیادت کے ساتھ عوام کو بھی انتقام کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد عوام شہید نے ملک کو آزاد،باوقار اور خود مختار ملک کی تعمیر کی تھی۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv