ابو ظہبی(ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید نے پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم سے رابطہ کرکے مذاکرات پر زور دیا ہے۔اطلاعات کے مطابق شیخ محمد بن زاید النہیان نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری موجودہ کشیدگی کے پیش نظر وزیراعظم پاکستان عمران خان اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم سے گفتگو میں شیخ محمد بن زاید النہیان نے مذاکرات اور رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔شیخ محمد بن زاید النہیان نے امید ظاہر کی کہ پاک بھارت قیادت حالیہ واقعات سے نمٹنے کیلئے پرامن مذاکرات کو ترجیح دےگی۔اماراتی ولی عہد شیخ محمد بن زاید نے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان اور بھارت کے درمیان مثبت تعلقات کے لیے ہر قسم کے اقدامات کی حمایت کرے گا۔انہوں نے کہا کہ یو اے ای پاکستان اور بھارت کے درمیان امن اور استحکام کو پروان چڑھتا دیکھنے کا خواہاں ہے اور پر امید ہے کہ دونوں ملکوں کی قیادت موجودہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے پر امن مذاکرات کا راستہ اختیار کریں گے۔خیال رہے کہ 14 فروری کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوجی قافلے پر خود کش حملہ ہوا تھا جس میں 45 سے زائد اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔ اس کے بعد بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے حملہ کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرانا شروع کردیا تھا۔اس کے بعد 26 فروری کو شب 3 بجے سے ساڑھے تین بجے کے قریب تین مقامات سے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی کوشش کی جن میں سے دو مقامات سیالکوٹ، بہاولپور پر پاک فضائیہ نے ان کی دراندازی کی کوشش ناکام بنادی تاہم آزاد کشمیر کی طرف سے بھارتی طیارے اندر کی طرف آئے جنہیں پاک فضائیہ کے طیاروں نے روکا جس پر بھارتی طیارے اپنے ‘پے لوڈ’ گراکر واپس بھاگ گئے۔پاکستان نے اس واقعے کی شدید مذمت کی اور بھارت کو واضح پیغام دیا کہ اس اشتعال انگیزی کا پاکستان اپنی مرضی کے وقت اور مقام پر جواب دے گا، اب بھارت پاکستان کے سرپرائز کا انتظار کرے۔