آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان کہیں بھی کھیلے جانے والے میچز ہمیشہ سے ہی سنسنی خیز رہے ہیں جبکہ ان میں کھلاڑیوں کے الفاظ کے تیر انہیں مزید دلچسپ بنادیتے ہیں۔ایسا ہی ایک واقعہ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان پرتھ میں جاری ٹیسٹ میچ کے دوران پیش آیا جب دونوں ٹیموں کے کپتان ایک دوسرے سے الجھ پڑے۔دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 2 مرتبہ تلخ کلامی دیکھنے میں آئی جس کی آواز اسٹمپ پر لگے مائیکرو فون نے ریکارڈ کرلیا۔کسی بات پر ٹم پین اپنے آپ پر قابو نہیں رکھ سکے اور ویرات کوہلی کو کچھ کہہ دیا جس پر ویرات کوہلی نے جواب دیا “میں نے تمھیں کچھ نہیں کہا، تم کیوں اتنا غصہ ہورہے ہو؟”ٹم بین نے اپنے جارحانہ انداز میں جواب دیا کہ “میں بالکل ٹھیک ہوں!، تم گزشتہ روز اپنا قابو کھو بیٹھے تھے، اور آج ٹھنڈا رہنے کی کوشش کر رہے ہو”۔اس دوران نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے امپائر کرس گیفنی نے دونوں کے درمیان معاملہ ٹھیک کروانے کے لیے مداخلت کی۔انہوں نے دونوں کھلاڑیوں سے کہا کہ “بس کرجاؤ” جس پر ٹم پین نے انہیں جواب دیا کہ ہمیں بات کرنے کی تو اجازت ہے۔امپائر نے ٹم پین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ کپتان ہیں، آپ لوگ اپنا کھیل کھیلیں جس پر ٹم پین نے جواب دیا کہ ہم صرف بات کر رہے ہیں، ایک دوسرے کو گالیاں نہیں نکال رہے، جس پر امپائر نے ایک مرتبہ پھر ٹیم پین کو باور کروایا کہ تم اپنی ٹیم کے کپتان ہو۔آسٹریلین کپتان نے امپائر سے نظر ہٹا کر ایک مرتبہ پھر کوہلی کی جانب دیکھ کر کہا کہ “کوہلی! تم ٹھنڈے رہو”، جس پر ویرات کوہلی ہنستے رہے۔
اس سے پہلے جب آسٹریلین کپتان بیٹنگ کر رہے تھے تو بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے اپیل پر آؤٹ نہ دیے جانے پر کہا کہ اگر یہ آؤٹ ہوجاتا تو ہمیں 0-2 سے سبقت مل جاتی جس پر ٹیم پین نے جواب دیا کہ “تمھیں پہلے بیٹنگ کرنی ہوگی، گھمنڈی شخص!”
خیال رہے کہ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان 4 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ جاری ہے جہاں آسٹریلیا کی پوزیشن مضبوط ہے۔
یاد رہے کہ بھارت نے آسٹریلیا کو پہلے ٹیسٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 31 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی سبقت حاصل کرلی تھی۔