تازہ تر ین

وفاقی حکومت 5 سالہ آئینی مدت پوری کرنے کے بعد آج رات 12 بجے ختم ہوجائے گی

اسلام آباد (ویب ڈیسک)وفاقی حکومت اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پوری کرنے کے بعد آج رات 12 بجے ختم ہوجائے گی۔وفاقی کابینہ ختم اور قومی اسمبلی تحلیل ہوجائے گی، ایوان صدر میں انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی،پاکستان میں پہلی بار مسلسل دوسری جمہوری حکومت کی آئینی مدت مکمل ہونے کا وقت قریب آگیا۔پاکستان کی تاریخ میں یہ دوسرا موقع ہے جب وفاقی حکومت اپنی آئینی مدت مکمل کررہی ہے، اس سے قبل 2013 میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے اپنی مدت پوری کی تھی۔وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا آخری اجلاس جاری ہے جس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے قومی اسمبلی کے تحلیل ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔وزیراعظم شاہد خاقان آج اپنے عملے اور افسران سے الوداعی ملاقاتیں کریں گے جبکہ مسلح افواج کے دستے وزیراعظم کو چیف ایگزیکٹو آفس سے روانگی پر سلامی دیں گے۔یکم جون کو نامزد وزیراعظم جسٹس ریٹائر ناصر الملک اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، صدر مملکت ممنون حسین ان سے حلف لیں گے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بطور 18ویں منتخب وزیراعظم کی حیثیت سے 10 ماہ خدمات انجام دیں، ان سے پہلے اس عہدے پر نواز شریف نے 4 سال ایک ماہ اور 23 دن خدمات انجام دیں جنہیں اعلیٰ عدالت نے پاناما کیس میں نااہل قرار دیا تھا۔اسی طرح پیپلز پارٹی کی 2008 سے 2013 تک حکومت میں ملک کے 16ویں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اس عہدے پر 4 سال 2 ماہ اور 25 دن فرائض انجام دیتے رہے اور انہیں بھی اعلیٰ عدالت نے نااہل قرار دیا۔یوسف رضا گیلانی کے بعد راجا پرویز اشرف نے 17ویں وزیراعظم کی حیثیت سے 9 ماہ اور دو دن فرائض انجام دیے اور 5 سالہ دور حکومت کی مدت پوری کی۔الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق انتخابات 25 جولائی 2018 کو ہوں گے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ملک آئین و قانون کے مطابق انتخابات کی طرف جا رہا ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملک میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے عام انتخابات 25 جولائی 2018 کو ہوں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ریٹرننگ آفیسرز کی جانب سے یکم جون کو پبلک نوٹس جاری کیا جائے گا اور امیدوار کاغذات نامزدگی 2 جون سے 6 جون تک جمع کرا سکیں گے۔انتخابی شیڈول کے مطابق 7 جون کو امیدواروں کی فہرست آویزاں کی جائے گی اور 14 جون 2018 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی آخری تاریخ ہو گی۔کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 19 جون تک دائر ہو سکیں گی۔انتخابی شیڈول کے مطابق اپیلیٹ ٹریبونل میں اپیلوں پر فیصلے کی آخری تاریخ 26 جون ہو گی اور امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 27 جون کو لگائی جائے گی۔اعلامیے کے مطابق کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 28 جون مقرر کی گئی ہے اور امیدواروں کی حتمی فہرست بھی 28 جون کو ہی لگائی جائے گی۔الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کو انتخابی نشانات 29 جون کو الاٹ ہوں گے اور انتخابات کے لیے پولنگ 25 جولائی کو ہو گی۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv