تازہ تر ین

حکومت اپنا کام خود کرے تو مداخلت نہیں کرینگے

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی‘ این این آئی) چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ شہباز شریف کو عدالت آنے کا شوق ہے، بلایا تو آنا پڑجائے گا۔ پیر کو پنجاب میں ورک چارج ملازمین کی مستقلی سے متعلق کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں ہوئی۔ دوران سماعت چیف جسٹس اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب میں دلچسپ مکالمہ ہوا۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل عاصمہ حامد نے کہا کہ ملازمین کی 2012ءمیں ہونے والی بھرتیاں غیرقانونی ہیں، چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے پوچھا بھرتیاں کس کے حکم پر ہوئیں تھیں۔ عاصمہ حامد نے کہا کہ بھرتیاں وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے حکم پر ہوئیں تھیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کیوں نہ شہباز شریف کو نوٹس جاری کریں، حکومت اپنے ہی وزیراعلی کی بھرتیاں غیرقانونی قرار دے رہی ہے، سرکاری اداروں کا ورک چارج پر ملازمت دینا قانون کے ساتھ فراڈ ہے، بھرتیاں بظاہر بدنیتی پر مبنی تھیں، عاصمہ حامد نے چیف جسٹس سے کہا کہ ایسے الفاظ میرے کھاتے میں نہ ڈالیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ وزیراعلی کو بلایا تو انہیں پیش ہونا پڑے گا، ویسے بھی شہباز شریف کو عدالت آنے کا بہت شوق ہے۔ عدالت نے ملازمین کی مستقلی کیخلاف صوبائی حکومت کی اپیل خارج کردی۔ سپریم کور ٹ کے چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے کہاہے کہ سرکار کے کرنے والے کام بھی ہمیں کرنے پڑرہے ہیں اگر حکومت اپنے کام خود کرے تو مداخلت نہیں کریں گے۔ پیر کو سپریم کورٹ میں پمزہسپتال کے بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر کے بند ہونے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے کی۔ چیف جسٹس نے پمز ہسپتال کی جانب سے کیس کی نمائندگی کرنے والے ڈاکٹرامجد سے استفسار کیا کہ بون میرو سینٹر بند کرنے کی کیا وجہ ہے۔ ڈاکٹرامجد نے جواب دیا کہ دو ڈاکٹرز اور ایک نرس کو مستقل نہیں کیا گیا جس پر مسئلہ بنا۔ وزارتِ کیڈ کو 13 خطوط لکھے تاہم کوئی شنوائی نہیں ہوئی، اب سب کی نظریں عدالت کی جانب ہی ہیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ صرف 3 لوگوں کی تقرری کی وجہ سے پورا سینٹر بند ہوگیا۔چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان سے مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ سرکار کے کرنے والے کام بھی ہمیں کرنے پڑ رہے ہیں پھر کہتے ہیں سپریم کورٹ کام میں مداخلت کرتی ہے اگر حکومت اپنے کام خود کرے تو مداخلت نہیں کریں گے۔ لوگ کہتے ہیں کہ ہم اپنے کام کی قربانی دے رہے ہیں میں تو ہفتے اور اتوار کو بھی چھٹی نہیں کرتا۔عدالت نے پمز ہسپتال کو بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر کھولنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ سینٹر کو شام 4 بجے تک فعال کیا جائے اور پبلک سروس کمیشن کے ذریعے عملہ تعینات کیا جائے جبکہ موجود عملے کے واجبات بھی فوری ادا کئے جائیں، نئی تعیناتیاں ہونے تک موجودہ عملہ کام جاری رکھے۔ عدالت نے برطرف ملامین کو فوری بحال کرنے کا بھی حکم دیا۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv