تازہ تر ین
bilawal

بلاول کا بھارتی ٹی وی کو دبنگ انٹرویو ، اینکر کی آنکھیں بھی کھل گئی

ڈیووس(اے این این ) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ پاکستا ن نہیں بلکہ بھارت مسلسل ہمارے ساتھ پنگے لیتا رہتا ہے ، پاکستان نے جواب دیا تو پھرآنکھیں کھل جائینگی، اپنی بہادر افواج پر کسی بھی صورت تنقید نہیں کرسکتا، پاکستان آرمی دہشت گردوں کےساتھ لڑ رہی ہے ، ہمیں انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے ایسی ہی مضبوط و باصلاحیت مسلح افواج کی ضرورت ہے،بھارت سمیت ہر جگہ انتہا پسند لوگ موجود ہوتے ہیں اسے اسلام سے نہیں جوڑا جاسکتا ،بی جے پی میں ایسے لیڈر بھی ہیں جو صرف الیکشن جیتنے کیلئے نفرت کی دیواریں کھڑی کررہے ہیں ، بھارت لاکھ چھپائے سوشل میڈیا کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والا ظلم دنیا دیکھ رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”انڈیا ٹوڈے“ کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کیا ۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پاکستان بھارت کے معاملات میں نہیں بلکہ بھارت ریاستی سطح پر پاکستان کے معاملات میں ٹانگ اڑاتا ہے اور مسلسل ہمارے ساتھ پنگے لیتا رہتا ہے اور جب ہماری مسلح افواج نے جواب دیا تو آپ لوگوں کی آنکھیں کھل جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان آرمی دہشتگردوں کے ساتھ لڑ رہی ہے اور ہمیں مضبوط اور باصلاحیت مسلح افواج کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان میں انتہا پسندی کے خلاف لڑا جاسکے۔یہ ممکن ہی نہیں ہے کہ میں اپنے بہادر سپاہیوں پر اس وقت تنقید کروں جب وہ پاکستان میں جاری انتہا پسندی کے خلاف لڑ رہے ہیں، ہم نے نیشنل ایکشن پلان بھی بنایا ہے جو ہر طرح کی انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے ہے یہاں تک کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت کوئی نفرت انگیز تقریر بھی نہیں کرسکتا۔ہمیں یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ ہم اپنے بچوں کو کیا دے رہے ہیں، کسی بھی شخص کو معاشرے میں نفرت پھیلانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، اور اگر ہم یہ کام کرنے میں کامیاب ہوگئے تو پھر انتہاپسندوں کیلئے کوئی جگہ باقی نہیں بچے گی۔انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی صرف اسلام کے ساتھ ہی نہیں جوڑی جاسکتی کیونکہ میانما، بھارت، امریکہ اور پاکستان سمیت ہر جگہ انتہا پسند موجود ہیں ، دنیا کے ہر مذہب میں انتہا پسند لوگ ہیں۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے بہت سے لیڈر ایسے ہیں جو صرف الیکشن جیتنے کیلئے نفرت کی دیواریںکھڑی کر رہے ہیں، کیا الیکشن جیتنا بہتر ہے یا کچھ مثبت کرجانا اچھا ہے؟۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہاکہ پاکستان میں یہ تاثر ہے کہ بھارت اپنے سکیولر تصور سے انتہاپسندی کی جانب بڑھ رہا ہے ، گجرات فسادات کے بعد مودی جی کی شخصیت کو پاکستان میں متنازع طور پر دیکھا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی جی کی پاکستان آمد پر لوگ پر امید تھے لیکن وہ صرف شادی کی تقریب میں شرکت کرکے چلے گئے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان سے متعلق ٹوئٹ میں اعداد و شمار غلط تھے، پاکستان کو امریکہ کی جانب سے ملنے والا کوئیلشن فنڈ دہشت گردی سے جنگ میں ان خدمات کے لئے تھا جو پاکستان پہلے ہی لڑ چکا تھا ۔بھارتی صحافی نے بلاول سے سوال کیا کہ فارغ وقت میں آپ کیا کرتے ہیں ،میں نے سن رکھاہے کہ آپ تائیکوانڈو میں بلیک بیلٹ بھی رہ چکے ہیں ؟۔اس پر جواب دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ بہت پرانی بات ہے ،سیاست میں آنے سے پہلے تائیکوانڈو میں بلیک بیلٹ تھا لیکن اب میں تمام وقت سیاست میں ہی گزارتا ہوں ۔ایک اور سوال پر انہوں نے کہاکہ شہباز شریف اور عمران خان اپنے انداز میں سیاست کرتے ہیں مگر میں اپنی والدہ کی سیاست کو آگے بڑھاﺅنگا۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv