تازہ تر ین
kalam nigar k

سعودی عرب کی سی پیک میں شمولیت سے خلیجی ممالک کی مخالفت کم ہوجائیگی ، کالم نگاروں کا چینل ۵ کے پروگرام میں اظہار خیال

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چینل فائیو کے تجزیوں، تبصروں پر مشتمل پروگرام ”کالم نگار“ میں گفتگو کرتے ہوئے معروف صحافی اور کالم نگار توصیف احمد خان نے کہا کہ بھارت کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے بے گناہ پاکستانیوں کو مار رہا ہے اور دوسری جانب نواز شریف انتہائی خطرناک بھارتی افراد سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیئے گئے شخص سے بھارتی اہم افراد کا ملاقات کرنا سیاست پر کچھ اثرات مرتب کر سکتا ہے۔ معصوم افراد کے قاتل بھارت سے دوستی کی پینگیں بڑھانا کہاں کی عقل مندی ہے۔ فاٹا میں عالمی ٹیم کے ساتھ کرکٹ میچ کرانا پاک فوج کی بڑی کامیابی ہے۔ ملک کے داخلی وخارجی امور اور انٹرنیشنل سکیورٹی تک تو فوج نے پہلے ہی سنبھال رکھی ہے۔ ملک معیشت کا جو برا حال ہے لگتا ہے کہ یہ بھی فوج کو ہی سنبھالنا ہو گی۔ سعودی عرب کے سی پیک میں شامل ہونے سے خلیجی ممالک کی مخالفت کم ہو جائے گی۔ سی پیک منصوبہ پاکستان کی ترقی میں بڑا کردار ثابت ہو گا۔ پٹرول کے بحران کا اوگرا کو نوٹس لینا چاہیے۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی بات سنتے ہیں اور مانتے بھی ہیں جبکہ نواز شریف صرف سنتے تھے مانتے نہیں تھے۔ معروف صحافی امجد اقبال نے کہا کہ نواز شریف یہ کرپشن سے بھی بڑا الزام بھارت سے تعلقات رکھتا ہے۔ وہ سفارتی کم اور ذاتی تعلقات زیادہ پسند کرتے ہیں۔ ان حالات میں جب ایل او سی پر فائرنگ ہو رہی ہے لوگ مر رہے ہیں نواز شریف کی بھارتیوں سے ملاقاتیں اچھی نہیں ہیں۔ سینٹ میں بل پاس ہونے سے نواز شریف کے ن کے صدر بننے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ پاک فوج نے علاقہ غیر میں کرکٹ میچ کرا کر ثابت کر دیا کہ ریاست کی رٹ ہر جگہ موجود ہے اور کہیں بھی دہشتگردی کے اڈے نہیں ہیں۔ فوج کو امن کی بحالی کا کریڈٹ دینا چاہئے۔ نوازشریف کا جی ٹی روڈ مارچ کا فیصلہ ٹھیک تھا۔ سعودی سفیر کا سی پیک بارے بیان اہم ہے، سعودیہ اس منصوبہ میں بطور سرمایہ کار شریک ہو گا، سعودی عرب کی سی پیک میں شمولیت سے بھارتی زہریلی لابنگ بھی کم ہو گی۔ پٹرول کی قیمت میں اضافہ کی خبر آنے پر پمپ مالکان زخیرہ کرتے ہیں جس سے بحران جنم لیتا ہے۔ وزیراعظم عباسی نے یو این میں کشمیر اورافغانستان پر بڑا اچھا موقف پیش کیا۔ کالم نگار محسن گورایہ نے کہا کہ بھارت کشمیر میں ظلم ڈھا رہا ہے جو یو این کی نظر نہیں آتا بھارت کے حوالے سے نوازشریف کے معاملات مودی کی یہاں اچانک آمد کے وقت سے خراب ہونا شروع ہوئے۔ شریف فیملی کی ملوں میں بھی بھارتی افراد کام کرتے ہیں، قومی سلامتی کے ادارے اور محب وطن لوگ اس بات کو پسند نہیں کرتے۔ نوازشریف کو بھارت بارے اپنی پالیسی پر نظرثانی کرنی پڑے گی۔ نوازشریف کی اپنی پارٹی پر گرفت موجود ہے۔ بھارت اور افغانستان بلوچستان میں دہشت گردی کرا رہے ہیں ایسے وقت میں پاک فوج پر تنقید کرنے والوں کو شرم آنی چاہئے۔ نوازشریف، شہباز شریف کی بات نہیں مانتے صرف مریم نواز کی سنتے ہیں۔ پاک فوج نے فاٹا اور بلوچستان میں حالات بہتر بنائے ہیں امن و امان بحال کیا ہے۔ سی پیک منصوبہ پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ لیگی حکومت نے بھاری قرضے لے کر معیشت کا نقصان کیا ہے۔ امریکہ، چین اور سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے۔ سی پیک صرف پاکستان اور چین کے درمیان منصوبہ نہیں ہے۔ پٹرول کی کوئی کمی نہیں ہے، ملک کے اداروں کو کام کرنے کا اختیار دیا جائے تو بہتری آ سکتی ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv