تازہ تر ین

”جے آئی ٹی ممبران کا انتخاب اپنے ذمے لینا سپریم کورٹ کا بڑا اقدام“ نامورتجزیہ کار ضیاشاہد کی چینل ۵ کے مقبول پروگرامیں گفتگو

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چینل ۵ کے تجزیوں و تبصروں پر مشتمل پروگرام ”ضیا شاہد کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار ضیا شاہد نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کیلئے ناموں کا اعلان اپنے ذمہ لے کر اچھا اقدام کیا ہے،اب شفافیت یقینی ہے۔ اس کا کریڈٹ سپریم کورٹ کو جائے گا۔ انہوں نے کہا ہمارے ملک میں ہر سیاستدان، ہر ایشوز سے کچھ نہ کچھ اپنے مقصد کے لئے حاصل کرنا چاہتا ہے۔ ڈان لیکس میں مریم نواز کا نام نہ آنے پر مسلم لیگ (ن) نے سکھ کا سانس لیا اسی طرح اپوزیشن پارٹیوں نے بھی اپنے لئے پوائنٹ سکورنگ کی۔ جمہوری نظام میں ہر سیاسی پارٹی اپنے مقاصد کے لئے پوائنٹ سکورنگ کرتی ہے ۔یہ جمہوریت کا اصل حسن ہے، اس سے لطف اندوز ہونا چاہئے۔اسحاق ڈارنے رپورٹ آنے سے قبل طارق فاطمی کے بارے میں کہا تھا کہ ان کا صرف ”پورٹ فولیو“ تبدیل کیا جائے گا، انہیں فارغ نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا اخبار دو مرتبہ یہ خبر چھاپ چکا ہے کہ پرویز رشید کو دوبارہ وزیراطلاعات بنا دیا جائے گا۔ اب انہیں کلین چٹ مل چکی ہے۔ وہ دو چار دنوں میں دوبارہ وزیراطلاعات بننے والے ہیں، ہم انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔ ان کی گدی خالی ہے، وہ اس پر بیٹھیں اور وزارت کریں۔ تمام سیاستدانوں کی کلاس ایک ہی ہوتی ہے اور وہ ایک دوسرے پر الزامات لگاتے رہتے ہیں۔ عمران خان بھی اسی کا حصہ ہیں۔ یقینا انہوں نے بھی کارروائی تو ڈالی ہو گی۔ ہو سکتا ہے کہ عمران خان نے کم اور حکمرانوں نے زیادہ کارروائی ڈالی ہو۔ لیکن جب کھوج لگے گا تو کچھ نہ کچھ ضرور نکلے گا۔ جس طرح شیخ رشید نے سپریم کورٹ میں نوازشریف پر الزام لگایا کہ وہ ”صادق اور امین“ نہیں رہے، اسی طرح حکمرانوں نے عمران خان پر الزام لگا دیا ہے کہ وہ ”صادق اور امین“ نہیں رہے۔ یقینا اکرم شیخ نے ان کے خلاف ثبوت اکٹھے کئے ہوں گے جسے وہ عدالت میں پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سیاسی فریق ایک دوسرے سے گیند چھیننے کی کوشش کرتے رہتے ہیں ابھی فائنل وکٹری کا وقت کسی کے لئے نہیں آیا۔ دیکھتے ہیں فائنل فیصلے کے بعد کون مٹھائیاں بانٹتا ہے اور کون سر پکڑ کر بیٹھتاہے۔ انہوں نے کہا کہ میں محترم جج صاحبان سے درخواست کرتا ہوں کہ دوسرے فریق کے خلاف بھی بالکل وہی طریقہ سماعت اختیار کریں جو پہلے فریق کے خلاف اختیار کیا گیا۔ سپریم کورٹ جو بھی فیصلہ کرے، ہم سر جھکانے کیلئے تیار ہیں۔ پوری قوم کی نگاہیں ان کی طرف لگی ہوئی ہیں۔ ان کے ایک ایک لفظ اور ایک ایک جملے پر لوگ تبصروں کیلئے تیار بیٹھے ہیں۔ لہٰذا جج صاحبان کو بہت محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ کسی بھی فریق کو امتیازی سلوک کا احساس نہیں ہونا چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں کہا آصف علی زرداری کو سیاست کرنے کا پورا حق حاصل ہے پہلے بھی انہوں نے سینٹ میں جوڑ توڑ کیا تھا۔ اگر یہ جوڑ توڑ کر کے ن لیگ میں فارورڈ بلاک بنانے میں کامیاب ہو گئے تو یہ ان کی بہت بڑی کامیابی ہو گی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ نوازشریف کا گھوڑا آگے نکلتا ہے یا آصف علی زرداری کا یا عمران خان کا خچر آگے نکلتا ہے؟ دفاعی تجزیہ کار، میجر جنرل (ر) محمدجاوید نے چینل ۵ کے پروگرام ”ضیا شاہد کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ داعش مڈل ایسٹ سے یہاں نہیں آئی بلکہ داعش اور القاعدہ ایک سوچ کا نام ہے۔ یہ پہلے بھی افغانستان میں موجود تھے، یہ صرف نام بدل لیتے ہیں۔ اس میں کوئی خاص تبدیلی نظر نہیں آتی۔ پاکستانی فوج ایک طاقتور فوج ہے۔ ہماری عوام نے بھی ڈٹ کر ان معاملات کا مقابلہ کیا ہے۔ اسلامی اتحادی فوج کے رول کو ابھی دیکھنا ہے کہ وہ دنیا کے دیگر ملکوں کے ساتھ کیسے چلتی ہے۔ ایران ہمارا ہمسایہ ملک ہے۔ دونوں ملکوں کو قریبی تعلقات قائم کر لینا چاہئیں۔ اس میں کوئی خاص تبدیلی رونما نہیں ہونے والی۔ ایران گزشتہ پابندیوں کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے ابھی تو وہ سیلف ڈیفنس پر فوکس کئے ہوئے ہے۔ ایران کے ساتھ بارڈر، افغانستان کی نسبت مختلف ہے۔ اس بارڈر سے کارروائیاں کرنا اتنا آسان نہیں۔ افغانستان، پاکستان کے بغیر مسائل سے نہیں نکل سکتا۔ یہ بھارت کی طرح ہمارے لئے نظریاتی خطرہ نہیں بن سکتا۔ پاکستان کے حالات افغانستان کی نسبت بالکل مختلف ہیں۔ افغان علاقوں کی طرح ہمارے علاقے منقسم نہیں ہیں۔ ہمارا سسٹم بہتر اور ہمارے ادارے بہت مضبوط ہیں۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv