لاہور (نیوزایجنسیاں) پاکستان سپر لیگ کا دوسرا ایڈیشن پاکستان کی جیت کے ساتھ ختم ہوگیا ہے لیکن اب انکشاف ہوا ہے کہ پی ایس ایل کے دوران بکیوں نے ایک فرنچائز کے مالک سے رابطہ کرکے اسے میچ فکسنگ کی پیشکش کی جو اس نے مسترد کردی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے دوران ایک بکی نے بڑی فرنچائز کے مالک سے رابطہ کیا اور میچ فکسنگ کی پیشکش کی۔ بکی نے فرنچائز مالک کو فون کرکے کہا کہ ہر فرنچائز کے دو میچ مالک کی مرضی سے ہوتے ہیں ، آپ معاملہ آگے بڑھائیں اور نقصان پورا کرلیں، بکی کی اس پیشکش کو فرنچائز مالک نے فوری طور پر مسترد کردیا جس کے بعد بکی نے انہیں ایک میچ فکس کرنے کی آفر کی لیکن اس کی یہ کوشش بھی ناکام رہی۔بکی کی جانب سے آفر آنے پر فرنچائز مالک نے پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ سے رابطہ کرکے فکسنگ کے حوالے سے آگاہ کردیا جس کے بعد معاملے کی اندرون خانہ تحقیقات شروع کردی گئیں۔ پی سی بی حکام کی جانب سے پی ایس ایل اور فرنچائز مالک کو بدنامی سے بچانے کیلئے اس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔