لندن (اے پی پی) انگلش کاﺅنٹی کلب سمرسیٹ نے بال ٹیمپرنگ کرنے پر آسٹریلوی کرکٹر کیمرون بینکرافٹ کا معاہدہ ختم کر دیا، معاہدے کے تحت بینکرافٹ نے کاﺅنٹی چیمپئن شپ اور ون ڈے کپ میں کلب کی نمائندگی کرنا تھی۔ بینکرافٹ نے جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کی، کرکٹ آسٹریلیا نے کارروائی کرتے ہوئے ان پر 9 ماہ کی پابندی عائد کر دی، بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں ملوث دوسرے آسٹریلوی کرکٹرز سٹیون سمتھ اور ڈیوڈ وارنر کو ایک، ایک سال کی پابندی کا سامنا ہے۔ سمرسیٹ ڈائریکٹر آف کرکٹ اینڈی ہری نے اپنے بیان میں کہا کہ کلب کے وسیع مفاد میں بینکرافٹ کا معاہدہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا، یہ نوجوان کھلاڑیوں کیلئے بھی ایک مثال ہو گی، امید ہے کہ وہ ایسی حرکات سے باز رہیں گے۔
