لندن (خصوصی رپورٹ) یورپ اور جنوبی امریکہ میں حکام نے واٹس ایپ کے ذریعے بچوں کے جنسی استحصال پر مبنی تصاویر کو تقسیم کرنے والے نیٹ ورک کے درجنوں افراد کو گرفتار کیا ہے ۔سپین کی نیشنل پولیس، یوروپول اور انٹرپول نے یورپ اور جنوبی امریکہ سے 39 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے ۔سپین کے تحقیقاتی حکام نے گزشتہ برس اس نیٹ ورک کو پکڑا تھا جو انٹرنیٹ پر صارفین کو موبائل میسجنگ سروس واٹس ایپ کے نجی گروپس تک رسائی دیتا تھا۔تحقیق کے دوران معلوم ہوا کہ ان گروپس میں غیر قانونی تصاویر کو شیئر کیا جاتا ہے۔ آپریشن تنتالیو نامی اس بین الاقوامی کارروائی میں جرمنی، سپین، پرتگال اور چلی، ارجنٹائن سمیت جنوبی امریکہ کے کئی ممالک شامل تھے ۔انٹرپول نے کہا ہے کہ اس آپریشن کے نتیجے میں سینکڑوں کی تعداد میں تصاویر اور ویڈیوز برآمد ہوئی ہیں اور انہیں بچوں سے جنسی استحصال سے متعلق بنائے گئے ڈیٹا میں شامل کیا گیا ہے جس کی مدد سے تفتیش کاروں کو اس مواد کی مدد سے متاثرین، بدسلوکی کرنے والوں اور مقامات کے بارے میں معلومات مل سکیں گی۔ابھی تک واٹس ایپ کی مالک کمپنی فیس بک کی جانب سے اس کارروائی پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔