پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے قومی ٹیم کرکٹرز کیلئے بڑے انعام کا اعلان کردیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ٹریننگ سیشن کے دوران کھلاڑیوں سے ملاقات میں محسن نقوی نے ورلڈکپ جیتنے کی صورت میں ہر کھلاڑی کو 1، 1 لاکھ ڈالر انعام دینے کا اعلان کیا۔
چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کی حکمت عملی پر تفصیلی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جیت کے سامنے اس انعام کی کوئی حیثیت نہیں۔
امید ہے کہ آپ اس بار پاکستانی سبز ہلالی پرچم بلند کریں گے، کسی دباؤ کے بغیر کھیلیں۔ بھرپور مقابلہ کریں، میدان میں مقابلہ ہوتا نظر آنا چاہیے۔ جیت آپ کیلئے اور ہار میری ہوگی۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ میدان میں ٹیم ورک کا مظاہرہ کریں، انشاللہ فتح قدم چومے گی۔ تمام کھلاڑی متحد اور اکھٹے ہیں، شاہین شاہ آفریدی میگا ایونٹ میں بھرپور پرفارمنس دیں گے۔
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے محمد رضوان کو ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 3000 رنز مکمل کرنے پر خصوصی گرین شرٹ دی جبکہ نسیم شاہ کو ٹی20 میچوں میں 100 وکٹیں لینے پر خصوصی گرین شرٹ کا تحفہ پیش کیا۔
چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کھلاڑیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی، سلیکٹرز وہاب ریاض، محمد یوسف، کپتان بابراعظم سمیت اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود اور انٹرنیشنل کرکٹ کے ڈائریکٹر عثمان واہلہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔