کراچی: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے اداکار منیب بٹ نے اپنے کیریئر کے شروعات کی تلخ حقیقت بتا دی۔
منیب بٹ نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اپنے کیریئر کے شروعات کے دنوں کا ذکر کیا جب اُنہوں نے اداکاری کی دُنیا میں قدم رکھنے کے لیے پہلا آڈیشن دیا تھا۔
منیب بٹ نے کہا کہ میں جب پہلا آڈیشن دینے گیا تو وہاں جاکر کُرسی پر بیٹھ گیا تھا پھر ایک شخص آیا اُس نے مجھے کہا کہ آپ نیچے زمین پر بیٹھ جائیں کیونکہ یہ کُرسی اداکاروں کے لیے ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ اُس دن گرمی بہت تھی میں زمین پر بیٹھا ہوا تو مجھے پیاس لگی، میں نے اُن سے پانی مانگا تو اُنہوں نے کہا کہ اگر آپ کو پانی پینا ہے تو باہر چوکیدار کے پاس کولر موجود ہے وہاں جاکر پانی پی لیں کیونکہ یہاں ہم صرف اداکاروں کو ہی پانی دیتے ہیں۔
منیب بٹ نے کہا کہ اُس آڈیشن نے مجھے بہت دُکھی کیا، میں گھر آکر بہت رویا لیکن میں نے اپنی اُس بےعزتی کو اپنی کمزوری نہیں بنایا بلکہ اپنی طاقت بنایا۔
اُنہوں نے کہا کہ میں نے اُس دن خود سے وعدہ کیا کہ میں کبھی ہمت نہیں ہاروں گا اور میں بھی ایک دن بڑا اداکار بنوں گا۔
منیب بٹ نے مزید کہا کہ الحمدللہ! آج میرے پاس شہرت بھی ہے، کیریئر بھی ہے اور لوگوں کی نظروں میں میری عزت بھی ہے۔