سابق کپتان مصباح الحق نے پاکستان ٹیم کیلئے غیرملکی کوچز کی حمایت کردی۔
سابق کپتان مصباح الحق نے ٹیسٹ فارمیٹ جیسن گلیسپی اور وائٹ بال کرکٹ کیلئے گیری کرسٹن کو ہیڈکوچ بنانے کے ممکنہ فیصلے کا خیرمقدم کیا اور انکے تجربے سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا۔
مصباح الحق نے کہا کہ میرے خیال میں وہ دونوں بہت تجربہ کار کرکٹر ہیں اور انٹرنیشنل کرکٹ کو سمجھتے ہیں، مجھے جیسن گلیسپی ٹیسٹ کرکٹ میں کسی ٹیم کے ساتھ منسلک نہیں دیکھائی دیئے البتہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی بہت اچھے بولر تھے جبکہ ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز بھی بطور کوچ کام کررہے ہیں۔
گیری کرسٹن سے متعلق مصباح نے بھارتی ٹیم کے کامیاب دور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہر کوئی گیری کرسٹن کے بارے میں جانتا ہے، وہ ایک عظیم کرکٹر تھے اور انہوں نے بطور کرکٹر اور بطور کوچ بہت کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ہمیں ان کا خیرمقدم کرنا چاہیے اور مثبت تبدیلی لانے کا موقع فراہم کرنا چاہیے تاکہ پاکستان کرکٹ آگے بڑھ سکے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تاحال باقاعدہ طور پر جنوبی افریقہ کے گیری کرسٹن اور آسٹریلیا کے جیسن گلیسپی کو کوچ بنانے کا اعلان نہیں کیا ہے تاہم دونوں کرکٹرز سے معاملات طے پاگئے ہیں۔
دوسری جانب پی سی بی دونوں فارمیٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ کی تلاش کیلئے اشتہار دے دیا ہے۔