اسلام آباد: جے یو آئی اپنی ہی خاتون رکن قومی اسمبلی کے خلاف سپریم کورٹ پہنچ گئی۔ جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے اپنی ہی خاتون رکن قومی اسمبلی کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی ہے، جس میں مخصوص نشست پر صدف احسان کی تقرری کا حکم نامہ چیلنج کیا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پارٹی کی طرف سے جمع کرائی گئی فہرست میں صدف احسان کا نام نہیں تھا، پارٹی نے صدف یاسمین کا نام دیا تھا مگر انہوں نے دلچسپی ظاہر نہیں کی جب کہ صدف احسان نے کچھ پارٹی عناصر کے مبینہ گٹھ جوڑ سے صدف یاسمین والی نشست حاصل کر لی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے معاملے کی انکوائری شروع کی تو صدف احسان نے پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا، جس پر عدالت نے صدف احسان کا بطور رکن اسمبلی نوٹی فکیشن جاری کرنے کا حکم جاری کیا۔ پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق نہیں، کالعدم قرار دیا جائے۔