کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو ناکام ترین گورنر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تقسیم کی سیاست میں اضافے کا سبب بنے ہیں۔
پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کامران ٹیسوری سندھ کے ناکام ترین گورنر ثابت ہوئے ہیں، اتفاق رائے پیدا کرنے کیلیے گورنر وفاق کا نمائندہ ہوتا ہے، مگر افسوس ہے کہ کامران ٹیسوری اپنا کردار ادا نہ کرسکے۔
وقار مہدی نے مزید کہا کہ گورنر سندھ تقسیم کی سیاست ختم کرنے کے بجائے اس میں مزید اضافے کا سبب بنے ہیں۔
انہوں نے مسلم لیگ ( ن ) سے سندھ میں اپنے گورنر کا جلد انتخاب کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جب تک مسلم لیگ ن سندھ میں اپنے گورنر کا انتخاب نہیں کرتی اس وقت تک کامران ٹیسوری کو چھٹیوں پر چلے جانا چاہیے۔
وقار مہدی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے سندھ میں گورنر کے انتخاب تک اور کامران ٹیسوری کی عدم موجودگی میں اسپیکرسندھ اسمبلی آئینی طور پر گورنر کا منصب سنبھال سکتے ہیں۔