ایف آئی اے لاہور نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی، ان کے صاحبزادے مونس الہٰی اور فیملی کے تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کردیے۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے لاہور میں چوہدری پرویز الہیٰ اور مونس الہٰی کے خلاف جاری منی لانڈرنگ کی تحقیقات میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مونس الہٰی اور پرویز الہٰی کے تمام بینک اکاؤنٹ فریز کردیے گئے جبکہ دونوں رہنماؤں کی فیملی کے بھی تمام بینک اکاؤنٹس فریز کردیے گئے، ان کے تمام کمپنی اکاؤنٹس اور پرسنل اکاؤنٹس منجمد کیے گئے ہیں، ایف آئی اے لاہور نے مونس الہٰی اور فیملی کے 100 سے زائد اکاؤنٹس منجمد کیے ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ تمام بینک اکاؤنٹس میں مبینہ طور پر کرپشن اور منی لانڈرنگ کا پیسہ جمع کرایا گیا ، مونس الہٰی اور اس کی فیملی کے بینک اکاؤنٹس میں موجود کروڑوں روپے منجمد کیے گیے ہیں۔
عدالت نے مونس الہٰی کےناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے ہیں تاہم مونس الہٰی تحقیقات سے بچنے کے لئے پہلے سے ہی ملک سے فرار ہے۔
ایف آئی اے نے مونس الہٰی کو عدالت سے اشتہاری کرانے اور مونس الہٰی کا ریڈ نوٹس جاری کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مونس الہٰی کے خلاف ریڈ نوٹس جاری کرواکر بذریعہ انٹرپول جلد گرفتار کیاجائے گا۔
































