لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کو “سسٹر سٹیٹ” قرار دینے کا معاہدہ طے پا گیا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے کیلیفورنیا قانون ساز اسمبلی کی Appropriations کمیٹی کے سربراہ کرس آر ہولڈن کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں پنجاب اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کو سسٹر سٹیٹ قرار دینے کے معاہدے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، سیاحت اور پولیسنگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب اور کیلیفورنیا کا سسٹر صوبے کا معاہدہ خوش آئند ہے، معاہدے کے تحت پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان تعاون کے لئے تیزی سے عملی اقدامات کریں گے، پنجاب حکومت معاہدے کے تحت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے علیحدہ فوکل پرسن اور سیل قائم کرے گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ کیلیفورنیا کے تجربے اور مہارت سے استفادہ کر کے زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، سیاحت اور پولیسنگ نظام میں بہتری لائیں گے، دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لئے آئندہ چند روز میں تجاویز کو حتمی شکل دیں گے۔
نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ پنجاب کے عوام کو اس معاہدے سے حقیقی فائدہ پہنچے، ہم درست سمت میں فوری اقدامات کر کے معاہدے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاہدے سے پنجاب اور کیلیفورنیا کی ریاست کے درمیان باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
اس موقع پر کرس آر ہولڈن نے کہا کہ پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان معاہدہ ایک اچھی شروعات ہے، کیلیفورنیا کی ریاست پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں ہر ممکن تعاون کرے گی، پنجاب حکومت کو زرعی پیداوار میں اضافے کے حوالے سے جدید ٹیکنالوجی سے آگاہی دیں گے۔