اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزراء کے غیر ملکی دوروں کے اخراجات کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دی گئیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں کابینہ ڈویژن نے وزرا کے غیر ملکی دوروں کی تحریری تفصیلات ایوان میں پیش کر دیں، 25 وفاقی وزرا، وزرائے مملکت نے 2022 میں غیر ملکی دورے کئے۔
تحریری جواب کے مطابق وفاقی وزراء، وزرائے مملکت کے دوروں پر 6 کروڑ 52 لاکھ 11 ہزار 504 روپے اخراجات آئے، سب سے زیادہ اخراجات وفاقی وزیر صحت قادر پٹیل کے غیر ملکی دوروں پر آئے۔
ایوان کو بتایا گیا کہ قادر پٹیل کے بیرون ملک دوروں پر 1 کروڑ 4 لاکھ 20 ہزار 163 روپے اخراجات آئے، اسحاق ڈار کے غیر ملکی دوروں پر 24 لاکھ 91 ہزار 289 روپے اخراجات آئے۔
تحریری جواب کے مطابق مفتاح اسماعیل کے غیر ملکی دوروں پر 45 لاکھ 69 ہزار 160 روپے اخراجات آئے، مریم اورنگزیب کے غیر ملکی دورے پر 6 لاکھ 49 ہزار 157 روپے اخراجات آئے۔