اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے سندھ کے بعض وارڈز میں بیلٹ پیپرز پر غلط امیدواروں کے نام پرنٹ ہونے پر پولنگ ملتوی کردی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں چند وارڈز کے بیلٹ پیپرزپر امیدواروں کےنام غلط پرنٹ ہوئے جس وجہ سے بعض وارڈز میں پولنگ ملتوی کردی گئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ان کیٹیگری آف سیٹس پر دوبارہ الیکشن کے لیے الیکشن کمیشن نیا شیڈول جاری کرے گا۔
ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن نے بیلٹ پیپرز پر غلط نام شائع ہونے کی انکوائری کاحکم دے دیا ہے۔
غلط انتخابی نشان پر امیدواروں کا احتجاج
دوسری جانب نواب شاہ میں پولنگ اسٹیشن نادرشاہ ڈسپنسری میں غلط انتخابی نشان پر امیدوار نے شدید احتجاج کیا۔
تحریک لبیک کے امیدوار کاکہنا تھاکہ بیلٹ پیپرپر کرین کے انتخابی نشان کے بجائے ملکہ کی تصویر چھاپی گئی ہے جب کہ نواب شاہ میں یونین کونسل تین وارڈ تین میں آزاد امیدوار نے غلط انتخابی نشان چھپنے پر احتجاج کیا۔
آزاد امیدوار نے بتایا کہ بیلٹ پیپر پر اس کا انتخابی نشان پنکھے کے بجائے تالا چھپا ہوا ہے۔
پریزائیڈنگ افسر نے غلط انتخابی نشان والے پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ کو روک دیا ہے۔