اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ قوم اپوزیشن کے کرپشن زدہ چہرے اور کرتوت جانتی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سے آج ٹی وی اینکرز کی ملاقات اور آف دی ریکارڈ گفتگو ہوئی۔
شہباز گل نے کہا کہ بیرونی قوتوں کے آلہ کار جمہور اور جمہوریت دونوں سے نابلد ہیں جبکہ جمہوریت کے نام پر جمع شدہ ٹولہ کھوٹے سکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم ان کے کرپشن زدہ چہرے اور کرتوت جانتی ہے۔ باریاں لگا کر لوٹنے والوں کو پہلی مرتبہ لوٹ مار سے روکا گیا اور تاریخ میں پہلی بار طاقتور کا احتساب ہوا۔
معاون خصوصی نے کہا کہ احتساب کا نام سُن کر کوئی لندن فرار ہوا تو کسی کی کمر میں درد اُٹھے جبکہ سندھ کے ڈاکو بھی بیماری کے پیچھے چُھپے۔ آج عمران خان کا مقابلہ کرنے سارے سیاسی بیمار اکٹھے ہیں۔