لاہور(نیوزایجنسیاں) پی ایس ایل میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والے کامران اکمل قومی ٹیم میں واپسی کیلئے پرامید ہیں۔لاہور میں اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ ٹی 20 کی وجہ سے کلب کرکٹ تباہ ہو رہی ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کو ٹی 20 کرکٹ کو ایونٹس تک ہی محدود کرنا چاہیے اور کلب لیول سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا مکمل خاتمہ کرنا چاہیے۔وکٹ کیپر بیٹسمین نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آپ میری عمر کو چھوڑیں کارکردگی اور فٹنس پر نظر ڈالیں، اہم چیز عمر نہیں کارکردگی ہے جو میں تسلسل سے دے رہا ہوں، ابھی تو میں نے اچھا پرفارم کرنے کا ہنر سیکھا ہے، اگر قومی ٹیم میں منتخب کیا گیا تو امیدوں پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔کامران اکمل نے کہا کہ پشاور زلمی کی ٹیم منیجمنٹ، شاہد آفریدی اور دیگر پلیئرز نے غیرملکی کرکٹرز کو پاکستان آنے کیلئے راضی کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کیں جس کی وجہ سے وہ پاکستان آنے پر راضی ہوئے۔