لاہور(ویب ڈیسک): وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ق کے ساتھ ورکنگ ریلشن شپ پہلے سے بھی زیادہ مضبوط بنائیں گے، اتحادی جماعت کو ہر موقع پر ساتھ لے کر چلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے خصوصی ملاقات کی، جس میں سیکریٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے، پرویز الٰہی نے وزیر اعلیٰ کو پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کی تعمیر سے متعلق آگاہ کیا۔
ملاقات میں اسمبلی عمارت کی تعمیر کے لیے فنڈ جاری کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، اور 2 ستمبر کو حکومت اور اپوزیشن کے بلائے گئے اسمبلی اجلاس پر مشاورت کی گئی، پرویز الٰہی نے کہا نئی عمارت کی تعمیر جلد مکمل کرانے کے لیے 3 شفٹ میں کام کیا جائے گا، ہم چاہتے ہیں نومبر میں ہونے والا اجلاس نئی عمارت میں ہو۔
وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا عوام کی خدمت کے سفر میں رکاوٹ حائل نہیں ہونے دیں گے، پرویز الٰہی نے 2 برس میں پنجاب اسمبلی کی کارروائی کو احسن طریقے سے چلایا، سازشیں کرنے والے پیچھے رہ جائیں گے، ہمارا اتحاد آگے بڑھتا جائے گا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا تنقید برائے تنقید کرنے والوں کو اپنی کارکردگی سے جواب دیں گے، اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔
انھوں نے مزید کہا حکومت کی مؤثر پالیسیوں کے تحت کرونا کا پھیلاؤ رکا ہے، جب کہ اپوزیشن نے کرونا سمیت ہر نازک موقع پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی، آج اپوزیشن جماعتیں مایوسی کا شکار ہیں۔