ممبئی(ویب ڈیسک) نامور بالی ووڈ اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں اپنے مداحوں کو افسردہ چھوڑ کر دنیا سے رخصت ہوگئے۔عرفان خان کی موت کی خبر کی تصدیق بالی ووڈ کے ہدایت کار و پروڈیوسر شوجیت سرکار نے اپنے ٹوئٹر اکاو¿نٹ پر کی۔ انہوں نے عرفان خان کو یاد کرتے ہوئے لکھا میرے پیارے دوست عرفان تم لڑے، لڑے اور لڑتے رہے، مجھے ہمیشہ تم پر فخر رہے گا، ہم دوبارہ ملیں گے۔ شوجیت سرکار نے اپنی ٹوئٹ میں عرفان خان کی اہلیہ ستاپا سے اظہار تعزیت بھی کیا اور لکھا آپ نے بھی جنگ لڑی، ستاپا آپ نے اس جنگ میں جتنا ہوسکا کیا۔ عرفان خان کو میرا سلام۔عرفان خان کو گزشتہ روز بڑی آنت میں انفیکشن کے باعث ممبئی کے کوکیلا بین اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کیا گیا تھا۔ عرفان خان نے لواحقین میں اہلیہ ستاپا اور دو بیٹے بابیل اور ایان چھوڑے ہیں۔یاد رہے کہ چار روز قبل عرفان خان کی والدہ سعیدہ بیگم کا بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جے پور میں 95 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا تھا۔ عرفان خان نے کورونا وائرس کے باعث ملک میں جاری لاک ڈاو¿ن کی وجہ سے اپنی والدہ کی آخری رسومات میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شرکت کی تھی۔واضح رہے کہ عرفان خان نے 2018 میں اپنے تمام چاہنے والوں کو یہ بتاکر افسردہ کردیا تھا کہ وہ نیورواینڈوکرائن ٹیومر میں مبتلا ہوگئے ہیں بعد ازاں وہ علاج کی غرض سے بیرون ملک چلے گئے تھے۔ اپنی بیماری کے باعث عرفان خان فلم ”انگریزی میڈیم“ کی تشہیر کا حصہ بھی نہیں بن سکے تھے، یہ عرفان خان کی آخری فلم تھی۔عرفان خان کو فلم ”پان سنگھ تو مر“ میں شاندار اداکاری کرنے پر نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ اس کے علاوہ انہیں فلم ”مقبول “ اور ”پیکو“ میں جاندار پرفارمنس دینے پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔عرفان خان کئی ہالی ووڈ پراجیکٹ کا بھی حصہ رہ چکے ہیں جن میں ”سلم ڈاگ ملینئر“، ”جراسک ورلڈ“،”دی امیزنگ اسپائیڈر“ اور ”لائف آف پائی“ شامل ہیں۔