راولپنڈی(آئی این پی)نیب نے نارووال سپورٹس سٹی کمپلیکس منصوبے میں مسلم لیگ ن کے رہنماو سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کو گرفتار کر لیا۔احسن اقبال پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی کی حیثیت سے اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے۔احسن اقبال کے طبی معائنہ کے لئے ڈاکٹرز کا بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے انہیں منگل کو ( آج) احتساب عدالت میں پیش کرجسمانی ریمانڈ لیا جائے گا۔نارروال سپورٹس سٹی منصوبے میں سابق ڈی جی سپورٹس بورڈ اختر گنجیرا سمیت دیگر افسران پہلے ہی گرفتار ہیں۔نیب راولپنڈی کی طرف سے 4 ارب روپے سے زائد کی لاگت کے نارروال سپورٹس سٹی کمپلیکس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کو پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا گیا تھا تاہم جب وہ نیب راولپنڈی کی تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے تو ان سے مختصر پوچھ گچھ کے بعد وارنٹ دکھا کر گرفتار کر لیا گیا۔احسن اقبال کے وارنٹ گرفتاری کی منظوری چئیر مین نیب نے دی تھی۔احسن اقبال کو دوسری بار بیان ریکارڈ کرانے کے لئے طلب کیا گیا تھا۔ نیب کی جانب سے احسن اقبال پر اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام لگایا گیا ہے۔نیب ذرائع کے مطابق نارروال سپورٹس سٹی منصوبے میں احسن اقبال پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی کی حیثیت سے اثر رسوخ استعمال کرنے کا الزام لگایا گیا ہے یہ منصوبہ جب شروع ہوا تو اس کی لاگت کم تھی جو بڑھتے ہوئے چار ارب روپے سے تجاوز کر گئی جس پر سابق ڈی جی سپورٹس بورڈ اختر گنجیرا اور دیگر افسران کو پہلے ہی گرفتار کر لیا گیا تھا تاہم احسن اقبال کا دو ماہ قبل بیان ریکارڈ کیا گیا تھا اور اب انہیں دوسری بار طلب کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دوسری جانب نیب ترجمان کا کہنا ہے کہ احسن اقبال کا طبی معائنہ کر ے کے لئے بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے جبکہ آج منگل کو انہیں اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش کر کے ان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔