جرمن (ویب ڈیسک)گاڑیاں بنانے والی جرمن کمپنی بی ایم ڈبلیو نے دنیا کی سیاہ ترین کار متعارف کرانے کی تیاری کرلی۔جرمن کارساز کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بی ایم ڈبلیو کا اسپیشل ایکس 6 ایڈیشن دنیا کی سیاہ ترین کار ہوگی جس کی فنشنگ وینٹا بلیک مادے سے کی جائے گی۔دنیا کی اس سیاہ ترین گاڑی کو فرینکفرٹ موٹر شو میں متعارف کرایا جائے گا جو ایکس 6 ماڈل کی تیسری جنریشن ہے۔خیال رہے کہ وینٹابلیک مادہ 2014 میں
برطانیہ میں سرے نینوسسٹمز کی جانب سے تیار کیا گیا تھا جو 99.96 فیصد تک روشنی کو جذب کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اسی کی وجہ سے یہ اب تک دنیا کا سیاہ ترین مادہ ہے۔تاہم بی ایم ڈبلیو ایکس 6 کو وینٹا بلیک نہیں بلکہ اسی سے ملتے جلتے وینٹابلیک وی بی 2 سے رنگا جائے گا۔ اس مادے کو بھی سیاہ ترین تصور کیا جاتا ہے لیکن یہ وینٹا بلیک کے مقابلے میں ذرا زیادہ روشنی کو منعکس کرتا ہے۔ اس خاصیت کی وجہ سے وی بی 2 گاڑی پر
رنگنے کیلئے زیادہ موزوں ہے۔ایکس 6 کو ڈیزائن کرنے والے حسین العطار کا کہنا ہے کہ وینٹا بلیک وی بی 2 نے ڈیزائنرز کیلئے نئے راہیں کھول دی ہیں۔نینوسسٹمز کے مالک اور وینٹابلیک کے موجد بین جینسن کا کہنا ہے کہ ماضی میں انہیں متعدد گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کی جانب سے درخواستیں موصول ہوئیں تاہم انہوں نے بی ایم ڈبلیو ایکس 6 کا انتخاب کیا۔انہوں نے کہا کہ وینٹا بلیک ایکس 6 کے سائز اور ڈیزائن کی وجہ سے اس پر بہترین طریقے سے کام کرتا ہے تاہم وینٹا بلیک وی بی 2 کار پینٹ تیار کرنا جو کہ پائیدار بھی ہو انتہائی مشکل کام تھا۔انہوں نے بتایا کہ اب وینٹا بلیک وی بی 2 خودکار گاڑیوں کے سینسر آلات میں استعمال کیا جارہا ہے تاکہ انہیں سورج کی روشنی سے ہونے والے نقصان سے بچایا جاسکے۔بی ایم ڈبلیو ایکس 6 کو 12 سے 22 ستمبر تک ہونے والے فرینکفرٹ موٹر شو میں متعارف کرایا جائے گا جبکہ نومبر میں صارفین اسے شو رومز سے خرید سکیں گے۔