اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ کراچی کے لیے 95 ارب روپے کے 2 منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔اسلام آباد میں قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران مشیر خزانہ نے کہا کہ کراچی کے لیے 95 ارب روپے کے 2 منصوبے منظور کیے گئے ہیں جس میں 78 ارب روپے سے ریڈ لائن بنائے جائے گی جو عوام کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرے گی۔مشیر خزانہ نے کہا کہ ریڈ لائن 24 کلومیٹر طویل ہوگی جو نمائش سے لے کر ملیر تک جائے گی اور اس سے روزانہ کی بنیاد پر 3لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 3 ارب درخت لگانے کا منصوبہ منظور کیا گیا جس میں 10 فیصد پھلدار درخت لگائے جائیں گے۔حفیظ شیخ نے کہا کہ گوادر، کران کو نیشنل گرڈ سسٹم سے منسلک کرنے، 27 لاکھ اضافی خاندانوں کے لیے صحت پروگرام اور صوبہ سندھ میں سیکنڈری اسکولز کے لیے 13 ارب روپے کی منظوری بھی دی گئی۔مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں سے پاکستانی معیشت کو فائدہ ہوگا اور عوام کی زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
ایکنک اجلاس میں اہم فیصلے
اس سے قبل اسلام آباد میں مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کی سربراہی میں قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) کا اجلاس ہوا تھا جس میں 5 سو 79 ارب روپے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ای سی این ای سی کے اجلاس میں زرعی پیداوار بڑھانے، پانی کے نظام کو بہتر بنانے ، پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے، کراچی کی صورتحال بہتر بنانے سے متعلق فیصلے کیے گئے۔
ریڈ لائن منصوبہ
ایکنک اجلاس میں کراچی میں ٹرانسپورٹ کے لیے بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) ریڈ لائن پراجیکٹ کی منظوری دی گئی جس کی لاگت 78 ارب 38 کروڑ 40 لاکھ روپے ہوگی۔بی آر ٹی ریڈ لائن کے تحت نمائش سے ملیر ڈیپو ہالٹ ڈیپو تک 24.2 کلومیٹر کاریڈور قائم کیا جائے گا اور ایم اے جناح روڈ کے ساتھ میونسپل پارک سے میری ویدر ٹاور تک 2.4 کلومیٹر طویل ایک کامن کاریڈور بھی قائم کیا جائے گا تاکہ عوام کو معیاری پبلک ٹرانسپورٹ فراہم ہو اور شہر میں ٹریفک میں کمی لائی جاسکے۔ریڈلائن منصوبہ مجموعی طور پر 26.6 کلومیٹر طویل ہوگا جس میں 22.45 کلومیٹر گریڈ سیکشن، 1.72 کلومیٹر ایلیویٹڈ اور 2.43 کلومیٹر انڈرگراو¿نڈ سیکشن پر مشتمل ہوگا۔اس منصوبے میں 29 بس اسٹیشنز کی تعمیر، انفارمیشن ٹیکنالوجی سروسز کے آلات، سیکیورٹی نظام اور اس سے منسلک آلات، 8 آف کاریڈور روٹس جس میں ڈائریکٹ اور فیڈر سروسز بھی شامل ہیں۔علاوہ ازیں ریڈلائن منصوبے کے لیے 3 اقسام کی ک±ل 199 بسیں چلائی جائیں گی جس میں مویشی کے فضلے سے تیار کی گئی بائیو میتھین گیس بطور ایندھن استعمال ہوگی۔
کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپروومنٹ پروجیکٹ
اجلاس میں کراچی میں پانی کے وسائل اور نکاسی آب کے نظام میں بہتری کے لیے کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپروومنٹ پروجیکٹ (کے ڈبلیو ایس ایس آئی پی) فیز ون کی منظوری دی گئی جس پر 16 ارب 70 کروڑ 80 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔اس منصوبے سے کراچی واٹر اور سیوریج بورڈ کی صلاحیتوں میں بہتری آئے گی اور شہریوں کو آسانی ہوگی۔
آبپاشی کے منصوبے منظور
اجلاس میں قومی پروگرام برائے امپرومنٹ آف واٹر کورس ان پاکستان فیز 2 کے منصوبے کی منظوری دی گئی جس کی لاگت 154 ارب 54 کروڑ 20 لاکھ روپے ہوگی۔اس منصوبے کے تحت آبپاشی کے نظام کے لیے 76 ہزار 3 سو 59 واٹر یوزر ایسوسی ایشنز کی صلاحیت میں اضافہ، 59ہزار 4سو 27 نالوں کو بہتر بنایا جائے گا اور کھیتوں کی سطح پر پانی جمع کرنے کے لیے 16 ہزار 9 سو 32 ٹینکس اور تالاب قائم کیے جائیں گے تاکہ پانی کے زیاں میں کمی لائی جاسکے۔
زرعی سیکٹر کیلئے 8 منصوبے
ایکنک کے اجلاس میں زرعی سیکٹر کے لیے 95 ارب روپے لاگت کے 8 اہم منصوبوں کی منظوری دی گئی۔زرعی سیکٹر کے لیے 30 ارب 45 کروڑ 50 لاکھ روپے کی لاگت سے گندم کی پیداواری صلاحیت میں اضافے، 15 ارب 78 کروڑ 90 لاکھ روپے سے چاول کی پیداواری صلاحیت میں اضافے، 4 ارب 93 کروڑ 50 لاکھ روپے سے گنے کی پیداواری صلاحیت میں اضافے سے متعلق منصوبوں کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں 10 ارب 96 کروڑ 30 لاکھ ارب روپے سے نیشنل آئل سیڈر انہینسمنٹ پروگرام ( این او ای پی )، 9 ارب روپے لاگت سے کیج کلچر کلسٹر ڈیولپمنٹ پروگرام، 6 ارب ایک سو 60 ارب روپے سے پائلٹ شرمپ فارمنگ کلسٹر ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کی منظوری بھی دی گئی۔اس کے ساتھ ساتھ خیبرپختونخوا کے بارانی علاقوں میں پانی بچانے کے لیے 14 ارب 17 کروڑ 80 لاکھ روپے لاگت کے منصوبے اور 3 ارب 40 کروڑ روپے لاگت کے بچھڑوں کو بچانے سے متعلق منصوبے کی منظوری دی گئی۔
3 ارب درخت لگانے کی منظوری
ایکنک نے ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کے فیز ون گرین پاکستان پروگرام کے لیے 3 ارب 30 کروڑ درخت لگانے کے لیے ایک سو 25 ارب 18 کروڑ 40 لاکھ روپے کی منظوری دی۔اس منصوبے کے تحت ملک بھر میں 10 فیصد پھلدار درخت بھی لگائے جائیں گے تاکہ ماحولیاتی سیاحت کو فروغ دیا جاسکے، جنگلات کو تحفظ فراہم کیا جاسکے اور انہیں بڑھایا جاسکے۔
500 کے وی ایچ وی ڈی سی ٹرانسمیشن سسٹم کی منظوری
اجلاس میں وسطی ایشیا-جنوبی ایشیا ٹرانسمیشن انٹرکنکشن (سی اے ایس اے-1000) منصوبے کے لیے تاجکستان اور پاکستان کے درمیان 46 ارب 80 کروڑ 4 لاکھ روپے لاگت سے 500 کے وی ہائی وولٹج ڈائریکٹ کرنٹ ( ایچ وی ڈی سی ) ٹرانسمیشن سسٹم کی منظوری دی گئی تاکہ صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہم کی جاسکے اور اضافی پیدا ہونے والی بجلی دوسرے ممالک کو برآمد بھی کی جاسکے۔
صحت سہولت پروگرام کی منظوری
قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے ملک بھر کے 27 لاکھ خاندانوں کے لیے 31 ارب 93 کروڑ 50 لاکھ روپے کے صحت سہولت پروگرام کی منظوری دی گئی۔صحت سہولت پروگرام کے تحت غریب افراد کو علاج کی بہتر سہولت فراہم کی جاسکے گی۔
سندھ سیکنڈری ایجوکیشن امپرومنٹ پروگرام کی منظوری
ایکنک نے سندھ سیکنڈری ایجوکیشن امپرومنٹ پروگرام ( ایس ایس ای آئی پی) کی منظوری دے دی جس پر 13 ارب 10 کروڑ 30 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔اس منصوبے کے تحت صوبے بھر میں موجود 160 موجودہ پرائمری اسکولوں میں سیکنڈری اسکولز قائم کیے جائیں گے، 2630 اساتدہ کو 5 اہم مضامین میں اور بورڈ آف سیکنڈر ی ایجوکیشن ( بی آئی ایس ای ) کے 485 ملازمین کو تربیت دی جائے گی اور 660 اسکولوں کو لیبارٹری کے آلات فراہم کیے جائیں گے۔
گودار، مکران کو نیشنل گریڈ سسٹم سے منسلک کرنے کی منظوری
اجلاس میں گودار ، مکران کو نیشنل گریڈ سسٹم سے منسلک کرنے کے منصوبے کی منظوری دی گئی جس پر 17 ارب 42 کروڑ 11 لاکھ روپے لاگت آئے گی تاکہ گوادر کو بجلی کی مستحکم فراہمی کے لیے سہولیات دی جاسکیں۔