نیویارک (ویب دیسک)امریکا کی تیز ترین کار ڈرائیور جسی کومبس نیا ریکارڈ قائم کرنے کی کوشش کے دوران حادثے میں ہلاک ہو گئیں۔جسی کومبس کے خاندان کی جانب سے جاری بیان میں ان کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا کہ حادثہ جنوب مشرقی اوریگن میں جیٹ پاور کار میں پیش آیا تاہم خاندان کی جانب سے حادثے کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔امریکی خاتون کار سوار کے اہلخانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جسی کومبس کی مثبت سوچ اور بہترین مسکراہٹ ہمیشہ یاد آئیں گی۔انتالیس سالہ کومبس کو 2013 میں 398 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلانے پر تیز ترین کار سوار کے اعزاز سے نوازا گیا۔جسی کومبس ہر وقت بہتر سے بہتر کی کوشش میں لگی رہتیں اور ان کا خواب تھا کہ وہ اب تک دنیا کی سب سے تیز رفتار کار سوار کِٹی اونیل کا 512 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلانے کا ریکارڈ توڑیں جو کِٹی اونیل نے 1976 میں قائم کیا تھا۔امریکی خاتون کار سوار کے ساتھی نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ وہ حادثے کے وقت موقع پر موجود تھے اور انہوں نے جسی کومبس کو بچانے کی ہرممکن کوشش کی لیکن بدقسمتی سے ہم نے حادثے میں ایک قیمتی انسان کھو دیا۔جسی کومبس نارتھ امریکن سپر سونک اسپیڈ چیلنجر کی ٹیم کے ساتھ منسلک تھیں اور وہ تیز ترین گاڑی چلا کر نیا ریکارڈ بنانے کی تیاریوں میں مصروف تھیں۔