نئی دلی(ویب ڈیسک) فضائی حملے میں پاکستان کے بڑے جانی نقصان کے بے سر و پا دعوے کو ثابت نہ کر پانے پر بوکھلاہٹ کے شکار بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی بے پر کی اُڑانے لگے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے بھارت میں جیسے جیسے الیکشن کا وقت قریب آ رہا ہے ویسے ویسے وزیراعظم مودی کے دعوے ہوا میں اُڑتے نظر آرہے ہیں۔ مودی شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور اس دباﺅ میں دیوانے کی بڑ کی طرح منطق سے عاری گفتگو کر رہے ہیں۔انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے حملے میں پاکستانی نقصان کا ثبوت دینے کے بجائے ایک بار پھر بات گول کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فضائیہ کے حملے کو 1 ماہ ہوگیا ہے اور پاکستان اب تک لاشیں گن رہا ہے لیکن ہماری اپوزیشن جماعتیںپاکستان کے علاقے بالا کوٹ میں فضائی حملے کا ثبوت مانگ رہی ہے۔بھارت نے فضائی حملے میں ایک مدرسے کے تباہ ہونے اور بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کے نقصان کا دعویٰ کیا تھا جس کا عالمی سطح پر بھی کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جا سکا تھا اور بھارت کو سبکی کا سامنا رہا تھا، دوسری جانب بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے بھی بے سروپا دعوے کے ثبوت مانگے تھے۔واضح رہے کہ بھارت میں اگلے ماہ الیکشن ہو رہے ہیں اور اس الیکشن میں فتح کے لیے بی جے پی حکومت نے پلوامہ حملے اور اس حملے کا بہانہ بنا کر پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی جیسے اقدامات کے ذریعے بچھائی گئی بساط کو پاکستان نے منہ توڑ جواب سے الٹ کر رکھ دیاتھا۔