لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیراعلی آفس میں صوبائی وزراءنے ملاقات کی- وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر زکوٰة و عشر شوکت علی لالیکا، صوبائی وزیر آبپاشی محمد محسن لغاری، صوبائی وزیر محنت انصر مجید نیازی اور صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم شامل تھے۔ ملاقات کے دوران محکموں کے امور، کارکردگی اور عمومی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غربت کا خاتمہ جہاد کے مترادف ہے، یہ جہاد ضرور کریں گے۔ غربت مکاﺅ پروگرام ”احساس اور کفالت“ وزیراعظم عمران خان کے وژن کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے پسماندہ اور محروم افراد کی معاونت حکومت کا فرض اولین ہے۔ غربت مکاﺅ پروگرام میں خواتین کیلئے معاشی خود کفالت بھی شامل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی پسماندگی دور کرنے کیلئے میسر وسائل سے بھرپور استفادہ کریں گے۔ صحت، تعلیم، رہائش اور اچھی خوراک ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ پنجاب میں تاریخ کا بہترین بلدیاتی نظام لائیں گے۔ غربت کے خاتمے کیلئے سب کو مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ زکوٰة و عشر کے نظام کو موثر بنانے کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے مدد لی جائے- پنجاب میں محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں- صوبے میں اقلیتوں سے متعلق فلاحی منصوبوں کی جلد اور یقینی تکمیل چاہتے ہیں- صوبائی وزراءنے وزیراعلیٰ کو اپنے محکموں کی کارکردگی سے آگاہ کیا- وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور لاہور ڈویژن کے انتظامی و پولیس افسران کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں عوام کو بہترین خدمات مہیا کرکے ریلیف فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے افسران کو لوگوں کی خدمت کا موقع دیا ہے۔ افسران عوام کی مشکلات حل کرنے میں موثر انداز میں بھرپورکردار ادا کریں- افسران بلاخوف اور پورے اعتماد کے ساتھ لوگوں کے جائز کام کریں- دباﺅ یا سفارش کو کسی بھی صورت خاطر میں نہ لایا جائے اور ناجائز کام کسی کا بھی نہ کیا جائے- انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے پنجاب حکومت آپ کے ساتھ ہوگی اور عوام کی خدمت کرنے والے افسروں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی- انہوں نے کہا کہ عوام کو تبدیلی واضح طور پر نظر آنی چاہےے اور اس ضمن میں ایسے اقدامات کئے جائیں جس سے عوام کو تبدیلی کا احساس ہو- انہوں نے کہا کہ رٹ آف دی گورنمنٹ ہر مقام اور ہر وقت نظر آنی چاہےے- صفائی کے نظام کو بہتر بنانے، کرپشن کے خاتمے اور فلڈ پلان سمیت دیگر نکات پر خصوصی توجہ دی جائے- ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز مشترکہ کھلی کچہریاں لگائیں- انہوں نے کہا کہ مجھے پوری امید ہے کہ میری ٹیم مجھے مایوس نہیں کرے گی- پالیسیاں کافی نہیں، عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا- ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس کو مل جل کر ٹیم کی حیثیت سے کام کرنا ہوگا- ریونیو سے متعلق امور اور تنازعات کو جلد حل کرنے پر توجہ دی جائے- انسپکٹر جنرل پولیس نے کہا کہ پولیس میں احتساب کا نظام دوسرے محکموں کے لئے مثال بنے گا- پولیس کو تطہیر کے عمل سے گزار رہے ہیں- امن و امان کی صورتحال بہتر ہے، لاہور میں جرائم کی شرح کم ہوئی ہے- اجلاس میں مال روڈ پر مظاہروں پر پابندی کے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا جبکہ نیب عدالت کو ٹھوکر نیاز بیگ منتقل کرنے کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا- اجلاس میں آر پی او ڈیرہ غازی خان ڈویژن نے جرائم کے خاتمے کے لئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا- انتظامی و پولیس افسران نے وزیراعلیٰ کو گڈ گورننس کے لئے تجاویز اور سفارشات بھی پیش کیں- اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، لاہور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز، متعلقہ سیکرٹریز اور اعلی حکام نے شرکت کی- وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے آج وزیراعلیٰ آفس میں کیمیکل ڈور سے جاں بحق ہونے والے فیصل آباد کے محمد وقاص کے اہل خانہ نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں متوفی محمد وقاص کے والدین اور بھائی محمد شہباز شامل تھے۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب اور ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے متوفی محمد وقاص کے اہل خانہ سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور افسوسناک واقعہ پر سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے مرحوم کے والدین کو 5 لاکھ روپے مالیت کا امدادی چیک دیا۔ وزیراعلیٰ نے متوفی محمد وقاص کے بھائی کو سرکاری ملازمت دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ پنجاب حکومت خاندان کو نیا پاکستان ہاﺅسنگ سکیم میں گھر بھی دے گی۔ انہوں نے کہا کہ محمد وقاص کی ناگہانی موت پر بے حد دکھ ہوا، مالی امداد زر تلافی نہیں۔ ہماری تمام تر ہمدردیاں آپ کے ساتھ ہیں۔ حکومت آپ کے خاندان کی ہر ممکن معاونت کرے گی۔ آپ کے خاندان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے سخت ہدایات جاری کی ہیں اور کیمیکل ڈور تیار کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاﺅن کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بے گناہ انسانوں کی موت کا سبب بننے والے کھیل قطعاً برداشت نہیں۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ نے سعودی عرب میں عمرہ کی ادائیگی کے دوران فیصل آباد کے علاقے رحمانیہ روڈ پر پیش آنے والے اس واقعہ کا نوٹس لیا تھا اور ایس ایچ او کو فرائض سے غفلت برتنے پر معطل کیا گیا تھا۔ متوفی محمد وقاص فیصل آباد کے مقامی کالج میں تھرڈ ایئر کا طالب علم تھا اور پارٹ ٹائم رکشہ چلا کر خاندان کی کفالت کرتا تھا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے آج وزیراعلیٰ آفس میں چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس خان نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے اور گورننس کو مزید بہتر بنا کر کاروبار میں آسانیاں پیدا کرےں گے۔ سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو کاروبار کرنے کےلئے ہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے اور کاروباری سرگرمیاں تیز کرنے کے عمل میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دی جائے گی۔