ویلنگٹن (اے پی پی) نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پہلے ہاکی ٹیسٹ میچ میں سخت مقابلے کے بعد 3-2 گولز سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ دونوں ٹیمیں دوسرے ہاکی ٹیسٹ میچ میں آج آمنے سامنے ہوں گی۔ دونوں ٹیموں نے شروع سے ہی جارحانہ انداز اپنایا تاہم کوئی بھی ٹیم پہلے کوارٹر میں گول نہ کر سکی، دوسرے کوارٹر کے 23ویں منٹ میں بلیک سٹکس کے کھلاڑی سام لین نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، دو منٹس بعد پاکستان کے محمد دلبر نے شاندار فیلڈ گول کر کے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا جو کہ پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہا۔ تیسرے کوارٹر میں پاکستانی ٹیم نے اچھی شروعات کیں تاہم اس نے بیک ٹو بیک دو پنالٹی کارنرز ضائع کئے، اس کے بعد بلیک سٹکس کے سٹیفن جونز نے شاندار گول کر کے ٹیم کو ایک مرتبہ پھر برتری دلائی۔ تیسرے کوارٹر کے آخری منٹ میں میزبان ٹیم کے کورے بینٹ نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے مقابلہ 3-1 گولز کر دیا، چوتھے کوارٹر کے شروع میں پاکستان کے علیم بلال نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے مقابلہ 3-2 گولز کر دیا۔گرین شرٹس نے اس کے بعد حریف ٹیم کی برتری ختم کرنے کیلئے سرتوڑ کوشش کی تاہم کامیاب نہ ہو سکی، اسطرح میزبان ٹیم نے گرین شرٹس کو 3-2 گولز سے ہرا دیا۔