تازہ تر ین

ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع ، جنوبی پنجاب کی محرومیاں ختم کر دینگے : عمران خان

اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرے گی  کسانوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا، تعلیم اور صحت عامہ کی سہولیات یقینی بنائی جائیں گی، نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے ساتھ ساتھ روزگار کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی اور صوبہ بھر میں ترقی و خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوگا ممبران اپنے حلقوں میں عام آدمی سے مستقل رابطے میں رہیں  ماضی کی حکومتوں کی غفلت کی وجہ سے آج پاکستان سنگین سماجی و معاشی مشکلات کا شکار ہے انشاءاللہ آنے والا وقت سماجی طور پر خوشحال اور معاشی طور پر مستحکم پاکستان کا وقت ہے۔ بدھ کو وزیراعظم عمران خان سے بہاولپور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق اور قومی اسمبلی میں چیف وہپ ملک محمد عامر ڈوگر بھی موجود تھے۔ممبران قومی اسمبلی نے وزیراعظم کی جنوبی پنجاب میں خصوصی دلچسپی پر شکریہ ادا کیا۔ ممبران نے وزیراعظم کو اپنے حلقوں میں عوامی مسائل ، ترقیاتی منصوبوں ،کسانوں کو درپیش مسائل ، تعلیم اور صحت کی صورتحال ، پانی کے مسئلے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کی فراہمی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں گورننس کی ناکامی، میرٹ کی نظر اندازی اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے جنوبی پنجاب پسماندگی کا شکار ہوا۔وزیراعظم نے کہاکہ موجودہ حکومت جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرے گی۔ کسانوں کے حقو ق کا تحفظ کیا جائے گا ، تعلیم اور صحت عامہ کی سہولیات یقینی بنائی جائیں گی ، نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے ساتھ ساتھ روزگار کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی اور صوبہ بھر میں ترقی و خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ وزیراعظم نے جنوبی پنجاب میں پانی کے مسئلے، خصوصی طور پر عوام کو صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے مرکزی اورصوبائی حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ممبران اپنے حلقوں میں عام آدمی سے مستقل رابطے میں رہیں تاکہ ان کے مسائل فوری طور پر حل ہوسکیں۔ ممبران قومی اسمبلی نے وزیراعظم کی طرف سے ڈ ویڑنل سطح پر ممبران اسمبلی کی کمیٹی کے قیام کا خیر مقدم کیا۔ کمیٹی ضلعی سطح پر مقامی مسائل کا حل مقامی قیادت کی مشاورت اور عوام کی امنگوں کے مطابق صوبائی حکومت کی نگرانی میں یقینی بنائے گی۔ وزیراعظم نے کہاکہ حکومت نچلی سطح پر عوام کو بااختیار بنانے کے لیے پر عزم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی غفلت کی وجہ سے آج پاکستان سنگین سماجی و معاشی مشکلات کا شکار ہے۔موجودہ حکومت کی حالیہ کوششوں سے آج بیرونی سرمایہ کار اور معروف غیر ملکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کررہی ہیں۔ انشااللہ آنے والا وقت سماجی طور پر خوشحال اور معاشی طور پر مستحکم پاکستان کا وقت ہے۔ ممبران قومی اسمبلی میں محمد عبدالغفار وٹو ، محمد فاروق اعظم خان ، مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی ،سید مبین احمد اور چوہدری جاوید اقبال شامل تھے۔ دریں اثناءوزیراعظم عمران خان نے فیصل آباد میں ہائیکورٹ بنچ کے قیام کیلئے مطلوبہ فنڈز فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے اٹارنی جنرل اور صوبائی وزیر کو امور 2ماہ میں نمٹانے کی ہدایت کر دی اور کہا کہ عوام الناس کو انکی دہلیز پر انصاف کی فراہمی پی ٹی آئی حکومت کے منشور کا اہم جزو ہے۔ وزیرِاعظم سے فیصل آباد بار سے تعلق رکھنے والے وکلا کے وفد کی ملاقات ہوئی جس میں وزیرِ قانون ڈاکٹر محمد فروغ نسیم، ممبران قومی اسمبلی راجہ ریاض احمد، رضا نصراللہ گھمن، شیخ خرم شہزاد، نواب شیر وسیر، فیض اللہ کموکا، فرخ حبیب، اٹارنی جنرل انور منصور خان بھی شریک تھے۔ وفد نے وزیرِاعظم عمران خان کو فیصل آباد میں ہائی کورٹ بنچ کے قیام کا مطالبہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ فیصل آباد کی موجودہ آبادی دو کروڑ سے زائد ہے۔کثیر آبادی اور صنعتی اور کاروباری مرکز ہونے کی وجہ سے کارپوریٹ اور دیگر نوعیت کے مقدمات میں اعلیٰ عدلیہ سے انصاف کے حصول کے لئے فیصل آباد کی عوام کو لاہور جاکر اپنے مقدمات کی پیروی کرنا پڑتی ہے جوکہ انکے لئے انتہائی مشکلات کا باعث بنتا ہے ۔ وزیرِاعظم نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام الناس کو انکی دہلیز پر انصاف کی فراہمی پی ٹی آئی حکومت کے منشور کا اہم جزو ہے۔ انہوں نے وکلا وفد کی جانب سے پیش کئے جانے والے مطالبے کے حوالے سے وزیرِ قانون کو ہدایت کی کہ بنچ کے قیام کے سلسلے میں اعلیٰ عدلیہ کے جج صاحبان اور اسٹیک ہولڈرزسے مشاورت کی جائے تاکہ اس مسئلے کا حل تلاش کیا جا سکے۔ وزیراعظم نے بینچ کے قیام کیلئے مطلوبہ فنڈز فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے اٹارنی جنرل اور صوبائی وزیر کو امور 2ماہ میں نمٹانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم



خاص خبریں


shahrukh dubai tower

سائنس اور ٹیکنالوجی


پتلی ایل ای ڈی

آج کی خبریں



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv