لاہور(ویب ڈیسک)الجزیرہ فکسنگ اسکینڈل پر پی سی بی نے ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل کو انکوائری کے لئے طلب کرلیا۔لاہور قلندر کی تقریب میں پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس ویڈیو میں عمر اکمل کا تذکرہ ہوا ہے اور ان کی تصویر بھی بکی انیل منور کے ساتھ نظر آرہی ہے اس لیے ہم اس معاملے کی چھان بین کرنا چاہتے ہیں تاکہ اس معاملے کو درست طریقے سے ہینڈل کیا جاسکے۔سبحان احمد کا کہنا تھا کہ فکسنگ پر ہماری زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، ہم اس معاملے کو نظر انداز نہیں کرسکتے، بظاہر ایک تصویر یہ ثابت نہیں کرتی کہ عمر اکمل نے کچھ غلط کیا ہے اس لئے کرکٹر کو بلا کر ان سے سوالات کریں گے تاکہ بورڈ بھی کسی نتیجے پر پہنچ سکے اس حوالے سے آئی سی سی سے رجوع کرکے ویڈیو اور دوسری تفصیلات کے لیے رابطہ کیا ہے تاکہ معاملے کی تہہ تک پہنچا جاسکے۔عمر اکمل کے خلاف پہلے ٹی وی انٹرویو میں فکسنگ آفرز کے اعتراف کے بارے میں سوال پر سبحان احمد نے بتایا کہ اس ایشو پر آئی سی سی نے رجوع کیا تھا، وہ اب تمام معاملے کو دیکھ رہے ہیں، پی سی بی الگ سے فی الحال کوئی پوچھ گچھ نہیں کررہا ہے، پہلے گورننگ باڈی کوئی فائنڈنگ رپورٹ تیار کرے گی پھر ہم جائزہ لیں گے کہ مزید کچھ کرنے کی ضرورت ہے یا نہیں۔احمد شہزاد کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کے بعد ان کی طرف سے ردعمل پر سبحان احمد کا کہنا تھا کہ ابھی تک احمد نے بورڈ سے رجوع نہیں کیا، 25 اکتوبر تک انہیں جواب جمع کرانے کا کہا گیا ہے۔ دیکھتے ہیں کہ وہ اپنے جواب سے کس حد تک مطمن کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ اس کے بعد ہم فیصلہ کریں گے کہ مزید کسی کارروائی کی ضرورت ہے یا نہیں۔