نئی دہلی (آن لائن)پاکستان پر ایک بھر پر بھارت میں دہشت گردی کو ہوا دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے وزیر خارجہ سشما سوراج نے واضح کہا ہے کہ پاکستان کی ایسی کوشش کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا۔ہمسایہ ملک کو دہشت گردی کے خلاف پوری قوت کے ساتھ کارروائی کرنا ہوگی تاکہ پاک بھارت مذاکرات کیلئے پر امن ماحول فراہم ہوسکے ۔نئی دہلی میں ایک تقریب کے بعد صحافیوں سے بات چیت کے دوران وزیر سشما سوراج نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو دہشت گردی کیخلاف مشترکہ کوشش کرنی ہوگی اور یہ کام پاکستان کو ترجیحی بنیادوں پر کرنا ہوگا ۔انہوںنے کہا کہ جب ہم دونوں ممالک کے درمیاں خوشگوار تعلقات قائم ہوجاتے ہیں تو ایسے عناصر ان حالات کو خراب کرنے کی کوشش شروع کردیتے ہیں ۔جسکی وجہ سے صورتحال پھر سے مکدر ہوجاتی ہے ۔انہوںنے کہا کہ کچھ طاقتیں ایسی ہے جو بھارت اور پاکستان کو ایک دوسرے کے قریب آنے نہیں دینگی ،انہوںنے کہا کہ دہشت گردی کو پاکستان ہوا دے رہا ہے اور بھارت میں دہشت گردی کو بھڑکانے کی کوشش کررہا ہے ۔ حالات چاہے کچھ بھی ہو ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ ملناہی ہے لیکن خاموش ماحول میں امن کی باتین ہوسکتی ہیں جبکہ تشدد کے ماحول میں امن کی باتین نہیں ہوسکتی ہیں ۔انہوںنے کہا کہ بھارت کی موجودہ حکومت پاکستان کے ساتھ آگے برھنا چاہتی ہے ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بھارت سے کئی وعدے کئے مگر حقیقت میں وہ آج بھی دہشت گردی کو بھارت کے خلاف استعمال کررہاہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان برابر بھارت مخالف کارروائیوں کا مرتکب ہورہا ہے اب اپنا وطیرہ بدلنا ہوگا ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کی طرف سے جنگ بندی کے خلاف ورزیاں اب معمول بن گئی ہے کیونکہ جہاں پہلے صرف لائن آف کنٹرول پر فائرنگ ہورہی تھی لیکن اب بین الاقوامی بارڈر پر بھی بندوقوں کے دہانے کھول دئیے گئے ہیں۔