حزب اللّٰہ نے لبنان سے شمالی اسرائیل کی جانب 50 سے زائد راکٹ داغ دیے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس حوالے سے اسرائیلی دفاعی فورسز (IDF) کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق حزب اللّٰہ کی جانب سے داغا گیا ایک راکٹ سرحدی شہر کریت شمونا میں گرا، جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہو گئے۔
رپورٹس کے مطابق یہ راکٹ حملہ اسرائیلیوں کی پاس اوور کی ابتدائی تقریبات کے دوران ہوا۔ حملے کے باعث سیکڑوں افراد کو حفاظتی پناہ گاہوں میں جانے پر مجبور ہونا پڑا۔
اسرائیلی حکام نے حزب اللّٰہ کی طرف سے مزید ممکنہ حملوں کے پیشِ نظر حفاظتی اقدامات سخت کر دیے ہیں۔
دوسری جانب امریکا کی جانب سے حالیہ دھمکیوں پر ایران کے خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹرز کے ترجمان کرنل ابراہیم ذوالفقاری اور پارلیمانی حکام نے سخت ترین ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اسرائیل ایران جنگ سے متعلق تمام خبریں یہاں پڑھیں
کرنل ابراہیم ذوالفقاری نے اپنے بیان میں کہا کہ ایرانی قوم اور مسلح افواج کسی بھی جارحیت کی صورت میں حملہ آوروں کے پاؤں کاٹ دیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ ایران نے کبھی کسی دشمن کے سامنے سر نہیں جھکایا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم کے دشمنوں کے لیے آبنائے ہرمز کے راستے نہیں کھولے جائیں گے، ٹرمپ آبنائے ہرمز کو بھول جائیں۔

































