مشہورِ زمانہ یوٹیوبر مسٹر بیسٹ نے یکم اپریل کو یوٹیوب چھوڑنے کا اعلان کر کے انٹرنیٹ پر طوفان برپا کر دیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں مسٹر بیسٹ نے لکھا میں اپنا یوٹیوب چینل ڈیلیٹ کر رہا ہوں، انہوں نے ویڈیو اور سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے یہ پیغام دیا کہ وہ اس ویب سائٹ سے کنارہ کشی اختیار کر رہے ہیں جس نے انہیں عالمی شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا۔
اس اعلان کے سامنے آتے ہی مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مداحوں کی جانب سے صدمے اور بے یقینی کا اظہار کیا جانے لگا اور یہ خبر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔
مداحوں میں اس حوالے سے طرح طرح کی قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں کہ کیا محض 27 سالہ یہ نوجوان تخلیق کار، جس کے 300 ملین سے زائد سبسکرائبرز ہیں اور جو اپنے مہنگے ترین اسٹنٹس اور فلاحی کاموں کے لیے مشہور ہے، واقعی اپنی اتنی بڑی سلطنت سے دستبردار ہو جائے گا؟
تاہم غور طلب بات یہ ہے کہ یہ پوسٹ ‘اپریل فول’ (یکم اپریل) کے دن سامنے آئی ہے۔ ماضی میں بھی مسٹر بیسٹ اپریل فول کے موقع پر اس طرح کے مذاق کر چکے ہیں، جن میں جعلی پروجیکٹس اور مصنوعات کی لانچنگ جیسے حربے شامل رہے ہیں۔
اگرچہ بہت سے مداحوں نے اس خبر کے جھوٹا ہونے پر سکھ کا سانس لیا ہے، لیکن کچھ لوگوں نے اس مذاق پر تنقید بھی کی ہے کہ اس سے لاکھوں مداح بلاوجہ پریشانی کا شکار ہوئے۔

































