ہالی ووڈ کی معروف ٹیلنٹ ایجنسی Gersh نے ڈرامہ سیریز Succession میں کام کرنے والی اداکارہ داشا نیکراسوا کی نمایندگی ختم کر دی ہے۔ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب اداکارہ نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جو بدنام زمانہ سفید فام قوم پرست نک فونٹس کے ساتھ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
نیکراسوا کی اس شمولیت نے نہ صرف شوبز حلقوں میں تشویش پیدا کی بلکہ سوشل میڈیا پر بھی شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ کسی بھی فنکار کی جانب سے کھلے عام انتہا پسند نظریات رکھنے والی شخصیات کے ساتھ اس قسم کی نشستیں نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہیں بلکہ فلمی و ثقافتی صنعت کے پیشہ وارانہ ضابطوں سے بھی متصادم سمجھی جاتی ہیں۔
ایجنسی نے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ وہ ایسے مواد یا تعلقات سے لاتعلقی اختیار کرتی ہے جو نفرت انگیزی یا تعصب کے بیانیے کو تقویت دیں۔ یوں نیکراسوا اور Gersh کے درمیان پیشہ وارانہ تعلقات کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔
اداکارہ کی جانب سے اس فیصلے پر تاحال کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا، تاہم ماہرین کے مطابق ہالی ووڈ میں بڑھتی ہوئی سماجی ذمہ داری اور عوامی حساسیت کے باعث ایسے معاملات پر زیرو ٹالرینس کی پالیسی اختیار کی جا رہی ہے۔
































