تازہ تر ین

کیریبیئنز اب تک وسیم اکرم کے سحر میں مبتلا

سابق اسٹار اولمپئن اسپرنٹر یوسین بولٹ کو آئی سی سی کی جانب سے ویسٹ انڈیز اور امریکا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈکپ کا ایمبیسڈر مقرر کیا گیا ہے، وہ دیگر کیریبیئنز کی طرح کرکٹ کا بہت ہی شوق رکھتے ہیں، خاص طور پر ٹی 20 کے دلدادہ ہیں، یہ فارمیٹ خاص طور اسپیڈ اسٹار کے مزاج سے میل کھاتا ہے، وہ خود بھی بچپن میں کرکٹر بننے کے خواہاں تھے، اب اتنے بڑے ایونٹ کا ایمبیسڈر مقرر ہونے پر بھی بہت زیادہ خوش ہیں۔

بولٹ نے کہا کہ میں ایک طرح سے اپنے خواب میں جی رہا ہوں، میں کرکٹ دیکھتا ہوا بڑا ہوا، میرے والد کرکٹ کے بہت بڑے شائق تھے اور اب بھی ہیں، یہ کھیل میرے خون میں شامل ہے، میں بطور کرکٹر تو اپنا خواب نہیں پورا کر سکا مگر اتنے بڑے ایونٹ سے منسلک ہونا بھی میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔

انھوں نے کہا کہ میں بچپن میں وسیم اکرم کا بہت بڑا فین تھا، وہ اپنی ان سوئنگنگ یارکرز سے بیٹرز کا دل دہلا دیتے تھے، میرے والد بھی ان کے فین تھے، کورٹنی والش اور کرٹلی امبروز میرے آئیڈیل رہے۔

ایک سوال پر یوسین بولٹ نے کہا کہ میں کرکٹ میں اپنی ویسٹ انڈین ٹیم کو ہی سپورٹ کرتا ہوں مگر بھارت کے ویراٹ کوہلی مجھے موجودہ نسل کے کرکٹرز میں بہت پسند ہیں۔

یوسین کی کرس گیل کے ساتھ کافی دوستی ہے، ایک نمائشی میچ میں وہ سابق ویسٹ انڈین اسٹار کو آئوٹ بھی کرچکے ہیں، اس بارے میں انھوں نے کہا کہ جب میں نے گیل کو آئوٹ کیا تو انھوں نے مجھے چیلنج کیا تھا کہ وہ مجھے 100 میٹر ریس میں ہرا سکتے ہیں، مجھے ان کے اس چیلنج کو پورا کرنے کا انتظار ہے۔



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv