تازہ تر ین

جامعہ کراچی میں قائم یونیسکو چیئرکے ڈائریکٹر ڈاکٹراقبال چوہدری سبکدوش

  کراچی: اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونائیٹڈ نیشنز ایجوکیشنل، سائنٹیفک اینڈ کلچرل آرگنائزیشن( یونیسکو) نے جامعہ کراچی میں قائم یونیسکو چیئر کے ڈائریکٹر/چیئرہولڈر ڈاکٹر اقبال چوہدری کو عہدے سے سبکدوش کردیا، اس سلسلے میں جامعہ کراچی کو باقاعدہ خط/ای میل بھی موصول ہوگئی ہے۔ 

یہ چیئر جامعہ کراچی کے ادارے انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بایولوجیکل سائنسز(آئی سی سی بی ایس) میں medicinal and bio- organic natural product chemistry کے عنوان پر سن 2027 تک قائم کی گئی ہے اور آئی سی سی بی ایس کے سابق  ڈائریکٹر اقبال چوہدری ہی اس کے چیئرہولڈر تھے تاہم گزشتہ ستمبر 2023 میں ڈاکٹر اقبال چوہدری کو ان کی مدت ملازمت پوری ہونے پر آئی سی سی بی ایس کی ڈائریکٹر شپ سے سبکدوش کرتے ہوئے ڈاکٹر فرزانہ شاہین کو ڈائریکٹر آئی سی سی بی ایس کا چارج دے دیا گیا تھا۔

’’ ایکسپریس ‘‘ کو ذرائع نے بتایا کہ 8 اپریل کو ایک ای میل کے ذریعے آئی سی سی بی ایس کی انتظامیہ نے یونیسکو سے رابطہ کرکے اس بات کی اطلاع دی کہ ڈاکٹر اقبال چوہدری اب آئی سی سی بی ایس کے سربراہ نہیں رہے اور جامعہ کراچی سے بھی ریٹائرہوچکے ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ چیئر کا ڈائریکٹر کسی حاضر سروس پروفیسر/سائنٹسٹ کو بنایا جائے۔

اس ای میل کے ذیل میں یونیسکو نے مذکورہ اقدام کرتے ہوئے ڈاکٹر اقبال چوہدری کو چیئرہولڈر سے سبکدوش کردیا اور اپنی ای میل میں یونیسکو نے لکھا ہے کہ ڈاکٹر اقبال چوہدری کا نام اب یونیسکو چیئر کے ڈیٹا بیس سے ہٹا دیا گیا ہے۔

ادھر یونیسکو چیئر کے ڈائریکٹر/چیئرہولڈر کے لیے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر سے نام  طلب کیے گئے ہیں، اس سلسلے میں یونیورسٹی انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ نئے چیئرہولڈر کے لیے نام مع سی وی یونیسکو کو ارسال کردیں، اگر 30 جون تک یونیورسٹی کی جانب سے یونیسکو چیئر کے لیے نئے نام موصول نہ ہوئے تو ایسی صورت میں یہ گمان کیا جائے گا کہ جامعہ کراچی چیئر کو چلانے میں مزید دلچسپی نہیں رکھتی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایک تین رکنی کمیٹی کی رپورٹ پر ڈاکٹر فرزانہ شاہین نے جامعہ کراچی میں قائم یونیسکو چیئر کی عمارت کی مزید تعمیر رکوادی تھی اور اس سلسلے میں آئی سی سی بی ایس کی موجودہ انتظامیہ کی جانب سے یہ موقف اختیار کیا گیا تھا کہ اضافی فنڈز کی اتھارٹی کی جانب سے منظوری کے بغیر اس کی مزید تعمیرات کرائی جارہی تھیں جس کے لیے آئی سی سی بی ایس سے فنڈز کا تقاضہ بھی کیا جارہا تھا۔

خیال رہے کہ یہ یونیسکو چیئر ’’ بی‘‘ ٹائپ ہے جس کے لیے یونیسکو فنڈ نہیں دیتا بلکہ صرف ٹائٹل دیا جاتا ہے اور جس ادارے کو چیئر کا ٹائٹل ملتا ہے فنڈ کا بندوبست اسی ادارے کی ذمے داری ہوتی ہے۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر اقبال چوہدری آئی سی سی بی ایس میں ڈاکٹر عطاء الرحمن کی جامعہ کراچی سے ریٹائرمنٹ کے بعد سن 2003 سے اس ادارے کے ڈائریکٹر چلے آرہے تھے اور ریٹائرمنٹ کے بعد سن 2019 میں انھیں مزید چار سال کے ایک بار پھر ڈائریکٹر مقرر کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر اقبال چوہدری کی ریٹائرمنٹ کے سبب جامعہ کراچی کی انتظامیہ یونیسکو چیئر کے لیے ان کا نام دوبارہ بھجوانے میں دلچسپی نہیں رکھتی۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



آج کی خبریں



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv