تازہ تر ین

فوج کیخلاف پروپیگنڈا کرنے والوں سے نمٹنے کیلئے قوم اپنا کردار ادا کرے، پاک آرمی کے جوانوں کا پیغام

سیاچن کے پہاڑوں پر کھڑے پاکستانی فوج کے جوانوں نے قوم کے نام اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج کل سوشل میڈیا پر غیر ملکی عناصر پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں، ان کے خلاف جنگ لڑنے میں قوم اپنا کردار ادا کرے۔

عید کے پُرمسرت موقع پر سیاچن میں تعینات پاک فوج کے جوانوں نے مختلف پیغامات میں اپنے عزم و ہمت کا اظہار کیا ہے۔

پاک فوج کے جوان وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے پر عزم ہیں کیونکہ قوم کی خوشیاں پاک فوج کی قربانیوں سے وابستہ ہیں، پاک آرمی کے یہ محافظ سیاچن کے برف پوش پہاڑوں سے لے کر بلوچستان کی سنگلاخ چٹانوں تک، سندھ کے تپتے صحراؤں سے لے کر وزیرستان کے پہاڑوں تک اپنی عید کی خوشیاں سرحدوں کی حفاظت کے لیے قربان کرتے ہیں۔

برفیلے پہاڑوں کی سرزمین سیاچن میں دفاعِ وطن پر مامور پاک فوج کے جوانوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ بہت فخر محسوس کر رہے ہیں کہ اللہ تعالی نے انہیں موقع فراہم کیا کہ وہ خوشیوں سے بھرے اس تہوار پر بھی سر زمینِ پاکستان کی حفاظت کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔’

پاک فوج کے ایک جوان کا کہنا تھا’ میری طرف سے میرے گھر والوں اور پورے پاکستان کو عید الفطر مبارک ہو۔ گھر والوں کی یاد کے باوجود یہاں عید الفطر گزارنے پر اچھا محسوس کر رہا ہوں۔ میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اللہ نے مجھے اس ملک کی حفاظت کرنے کا موقع دیا۔’

ایک جوان کا کہنا تھا کہ وہ سب سے زیادہ اپنی اکلوتی بیٹی کو یاد کر رہا ہے اور آنے سے پہلے اس نے اپنی بیٹی سے وعدہ کیا تھا کہ وہ یہ عید اس کے ساتھ گزارے گا۔

پاکستانی فوج کے جوان کا مزید کہنا تھا کہ’عید میں اپنی اہلیہ اور گھر والوں کے ساتھ گزارنا چاہتا تھا لیکن ملک و قوم کی خاطر میں کچھ بھی قربان کرنے کو تیار ہوں۔ میں یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ سب ایک دوسرے کے ساتھ مل کر بھرپور طریقے سے عید منائیں اور ایک دوسرے کا خیال رکھیں۔ ہم انشاء اللہ ہر وقت، ہر موسم اور ہر محاذ پر اس ملک کی بقا کے لیے لڑنے کو تیار ہیں۔’

اس موقع پر پاکستانی فوج کے جوانوں نے قوم سے اپیل بھی کی اور کہا کہ آج کل سوشل میڈیا پر غیر ملکی عناصر پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں، ان کے خلاف جنگ لڑنے میں قوم اپنا کردار ادا کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ یہاں اس مشکل موسم میں بھی ملک کی حفاظت کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں، جب تک اس پاک دھرتی کے بہادر سپوت کھڑے ہیں پاکستان پر کوئی آنچ نہیں آئے گی۔ انشاء اللہ۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



آج کی خبریں



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv