اسلام آباد: امریکا نے پاکستان کو دو طرفہ اعلیٰ سطح کے اقتصادی مذاکرات کی دعوت دے دی، مذاکرات 29 اپریل سے 3 مئی کے دوران واشنگٹن میں ہوں گے۔
ذرائع دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات کی دعوت اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے پاکستان کو دی گئی ہے، امریکا کے انڈر سیکریٹری برائے اقتصادی ترقی خوزے فرنانڈز مذاکرات میں امریکی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بات چیت کے دوران پاک ایران گیس پائپ لائن کا معاملہ بھی امریکہ کی جانب سے اٹھایا جائے گا۔
دریں اثنا امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ پاکستانی شہریوں کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے معاملے پر میڈیا رپورٹس کو فالو کرتے آرہے ہیں۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیوملر نے پریس بریفنگ کے دوران بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے حالیہ اشتعال انگیز بیان اور برطانوی جریدے کی رپورٹ پر اپنے تبصرے میں کہا کہ امریکا دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تحمل کا مظاہرہ کرنے اور مذاکرات کے ذریعے معاملات کے حل کا خواہش مند ہے۔