تازہ تر ین

مریم نواز نے ورلڈ کپ جیتنے والی ڈیف کرکٹ ٹیم کو 38 لاکھ کا چیک پیش کیا

 لاہور: پاکستان کی 19 سال سے ناقابل شکست رہنے والی ڈیف کرکٹ ٹیم کی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملاقات، مریم نواز نے ٹیم کو 38 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔ 

وزیراعلیٰ ہاؤس آمد پر ڈیف کرکٹ ٹیم کا پرتپاک استقبال اور شاندار پذیرائی کی گئی۔  مریم نواز اپنی نشست چھوڑ کر کھلاڑیوں کے درمیان بیٹھ گئیں اور ان کی صلاحیتوں کو سراہا اور اشاروں کی زبان میں گفتگو کی۔

ڈیف کرکٹرز نے اشاروں کی زبان میں قائد مسلم لیگ ( ن ) محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلی مریم نواز کے نام بیان کیے۔  مریم نوازنے کھلاڑیوں کو 38لاکھ روپے کا چیک پیش کیا اور ڈیف کرکٹرزکے لیے انعام کی رقم 2لاکھ سے بڑھا کر 5لاکھ روپے کردی۔

وزیراعلی  پنجاب نے ڈیف کرکٹرز کی فرمائش پر فوری طور پر کرکٹ گراؤنڈ مختص کرنے کا حکم دیا اور انہیں  صوبے کے سرکاری محکموں میں ملازمتیں دینے کے لیے اقدامات کی ہدایت بھی کی۔ کھلاڑیوں نے مریم نواز کو شیر کا سنہری مجسمے کا ماڈل پیش کیا۔

مریم نواز اورشرکاء نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے تالیاں بجائیں، ڈیف کرکٹ ٹیم نے وزیراعلی  کو دبئی ورلڈ کپ کی ٹرافی بھی پیش کی۔  مریم نوازنے کھلاڑیوں کی خواہش پر گروپ فوٹو اور ان کے ساتھ الگ الگ تصاویر بھی بنوائیں۔

مریم نواز نے ڈیف کرکٹرز کی خواہش  پر ان کی  اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کا وعدہ کیا۔ ڈیف کرکٹ ٹیم نے نواز شریف کی صحت اور سلامتی کے لیے دعا بھی کی۔

وزیراعلٰی پنجاب نے سائن لینگوئج مترجم کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں سے زیادہ مجھے 19سال سے ناقابل شکست ڈیف کرکٹ ٹیم سے خود ملنے کااشتیاق تھا۔ ڈیف کرکٹرز نے قدرتی جسمانی کمی کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے آڑے نہیں آنے دیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیف کرکٹرز نے بڑا کام کیا جس کی کوئی قیمت یا معاوضہ نہیں ہو سکتا،اسی طرح آگے بڑھتے رہیں، مجھے خوشی ہے کہ ڈیف کرکٹرز حکومت کے اچھے کاموں کو نہ صرف دیکھتے ہیں بلکہ سراہتے بھی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ یہ سب میرے شیر ہیں،میرے بچے ہیں اور میں ان کی دل کی گہرائیوں سے قدر کرتی ہوں، دعا کریں کہ ہم 5سال میں عوام کی فلاح وبہبود کے سارے کام کر جائیں۔

ڈیف کرکٹرز نے اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ ہم وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی طرف سے مدعو کیے جانے پربہت خوش ہیں، ان سے  مل کر بہت خوشی ہوئی، ہم ان کے اقتدار میں آنے کی دعائیں بھی  کرتے رہے۔

ڈیف کرکٹرز نے اشاروں کی زبان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ نے ہمارے دل جیت لیے، ان کے لیے ہمیشہ دعائیں کریں گے۔

اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، پرویز رشید، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، سیکرٹری اسپورٹس اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



آج کی خبریں



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv